عطیہ خون کے رجحان کو فروغ کے لیے عمیر ثناء فائونڈیشن کے تحت گرینڈ بلڈ ڈونیشن ایونٹ کا انعقاد

403

کراچی(رپورٹ:منیر عقیل انصاری) معروف ترک ڈرامہ سیریل اطغرل غازی کے سپر اسٹار عبد الرحمن نے اپنے خون کا عطیہ دے کر تقریب کا آغاز کیا،ملک میں عطیہ خون کے رجحان کو فروغ دینے اور تھیلے سیمیا کے بچوں کو خون کی فراہمی کے لیے عمیر ثناء فائونڈیشن کے تحت ایکسپو سینٹر گلشن ِ اقبال میں گرینڈ بلڈ ڈونیشن ایونٹ منعقد کیا گیا۔جس میں سینکڑوں کی تعداد میں مرد و خواتین ،نوجوان اور زندگی کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور تھیلے سیمیا کے بچوں کے لیے اپنے خون کا عطیہ دیا.بلڈ ڈونیشن ایونٹ کا آغاز ترکی کے معروف ڈرامہ سیریل ارطغرل غازی کے سپر اسٹار عبد الرحمن غازی(جلال آل )نے اپنے خون کا عطیہ دے کر کیا۔تقریب میں ترک قونصل جنرل تولگایوکاک،جنید علی شاہ،شہباز اسلام،عمیر ثناء فائونڈیشن کے صدر ڈاکٹر کاشف انصاری،ڈاکٹر ثاقب انصاری،ڈاکٹر فہیم ،جنید علی شاہ،ایاز خان،ڈاکٹر فواد فاروق ،یحیٰ حسینی اور دیگر نے شرکت کی۔عبدالرحمن غازی نے اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں عمیر ثناء فائونڈیشن تھیلے سیمیا کے خاتمے کی جو جدوجہد کر رہی ہے وہ قابل تعریف اور لائقِ تحسین ہے۔انہوں نے کہا کہ میں نے جنوری کے مہینے میں کراچی کے دورے کے دوران بھی اپنا خون عطیہ کیا تھا اور ایک بار پھر کر رہا تھا تاکہ نوجوانوں کو بلڈ ڈونیشن کی ترغیب ملے.انہوں نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت سب سے بڑی نیکی ہے۔عبد الرحمن نے کہا کہ آج میں تھیلے سیمیا کے بچوں کے لیے اپنے خون کا عطیہ دے رہا ہوں ،اس عمل سے نہ صرف پاکستان اور ترکی کے باہمی تعلقات کو فروغ ملے گابلکہ اس سے دوسروں کو بھی خون دینے کی ترغیب ملے گی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترک قونصل جنرل تولگایوکاک نے کہا کہ اس نوع کی تقاریب کے انعقاد سے سے دونوں ملکوں کے مابین تعلقات کو مزید تقویت ملے گی،پاکستان اور ترکی کے درمیان باہمی اخوت اور بھائی چارے کا رشتہ ہے جو تاقیامت قائم رہے گا۔ڈاکٹر کاشف انصاری نے کہا کہ ہم نے بیس سال قبل تھیلے سیمیاکے خاتمے اور رضاکارانہ خون کے عطیات کے فروغ کے لئے سفر کا آغاز کیا اور اس میں پاکستانی فنکاروں، کرکٹرز اور ڈاکٹروں کو شامل کیا تاکہ پاکستان سے تھیلے سیمیا کا خاتمہ ہو اور عطیہ خون کا رجحان فروغ پائے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان میں دوسری مرتبہ عبد الرحمن کو دعوت دی ہے کیونکہ ان کی موجودگی پاکستانی عوام خصوصاً نوجوانوں کو آگے آنے اور بیمار بچوں کے لئے خون کا عطیہ دینے کی ترغیب دیتی ہے اور اس سلسلے میں انہوں نے پاکستان میں نوجوانوں کو خون عطیہ کرنے اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے پر ترک ا سٹار کا شکریہ ادا کیا ہے۔