آغوش ہوم کراچی کیلئے الخدمت کابڑاتحفہ ہے،نوید علی بیگ

541

کراچی (اسٹاف رپورٹر)چیف ایگز یکٹو الخدمت کراچی نویدعلی بیگ نے کہا ہے کہ”آغوش ہوم“ کراچی کیلئے الخدمت کاایک بڑاتحفہ ہے۔الخدمت کی خواہش تھی کہ ملک کے دیگر شہروں کی طرح کراچی میں بھی آغوش ہوم تعمیر کیا جائے۔

جہاں شہر قائد کے یتیم بچوں کو ایک ایسا مثالی ادارہ فراہم کیا جاسکے اور اس ادارے میں انہیں نہ صرف تعلیم کی سہولت میسرآئے بلکہ انہیں یہاں رہا ئش،خواک اور صحت سمیت زندگی کی دیگرمعیاری سہولتیں بھی مفت فراہم کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ الخدمت کایہ خواب اب پورا ہوچکا ہے۔

یہ بات انہوں نے آٖغوش ہوم“ گلشن معمار کے دورے اور وہاں یتیم بچوں اور ان کی ماؤں کیلئے منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پرنوید علی بیگ نے آغوش کے ڈائننگ روم،رہائشی کمروں،لیکچر سینٹر،مسجد،کھیلوں کے میدان اور ثقافتی آڈیٹوریم کا بھی تفصیلی معائنہ کیا اور وہاں فراہم کیے جانے والے ماحول اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کو سراہا۔

اس موقع پر الخدمت کے سینئر منیجرریسورس موبلائزیشن عنایت اللہ اسماعیل و دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔عنایت اللہ اسماعیل نے ”آغوش ہوم“ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔نوید علی بیگ نے کہا کہ آغوش ہوم کا سلسلہ الخدمت کا ایک منفرد پروگرام ہے اور اس کے تحت پورے پاکستان میں قائم 13آغوش ہومز میں 900سے زائد بچے زیر پرورش ہیں۔ان بچوں کی تعلیم وتربیت اور دیگر سہولیات کی فراہمی پرفی بچہ سالانہ ایک لاکھ44ہزار روپے خرچ ہوتے ہیں۔

نوید علی بیگ نے کہا کہ الخدمت کے تحت اس آغوش ہوم میں 6سے 9سال تک کے یتیم بچوں کو داخل کیا جائے گا اور انہیں یہاں انٹر تک تعلیم وتربیت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ پڑھ لکھ کر اچھے اور قابل انسان بنیں اور اپنے خاندان اور ملک کا نام روشن کریں۔انہوں نے کہا کہ باپ کی شفقت سے محروم بچے ہماری توجہ کے مستحق ہیں۔

انہیں مایوسی سے بچانا اور روشنی دکھا نا ہمارا دینی واخلاقی فرض ہے۔بنی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے خود یتیموں کی کفالت اور سرپرستی کا حکم فرمایا ہے۔ہمیں اس نیک عمل میں آگے آنا ہوگا۔ نوید علی بیگ نے کہا کہ جو لوگ الخدمت کے ساتھ اس کار خیر میں شریک ہیں، وہ بڑے اجرو ثواب کے مستحق ہیں۔انہوں نے اہل خیر سے بھی اپیل کی کہ وہ ان یتیم بچوں کی کفالت کے عظیم مشن میں الخدمت کا ساتھ دیں۔