حصص مارکیٹ انڈیکس میں911.92 پوائنٹس کی کمی

225

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ملکی سیاسی افق پر غیر یقینی کیفیت کے باعث سرمایہ کاروں کی جانب سے مارکیٹ سے سرمایہ نکالنے کے باعث پاکستان اسٹاک مارکیٹ میںمسلسل چوتھے روز بھی مندی کا رجھان دیکھا گیا جس کے باعث کے ایس ای 100انڈیکس43ہزار کی نفسیاتی حد سے گرتے ہوئے 911.92پوائنٹس کی کمی سے 42779.76 پوائنٹس کی سطح پرآ گیا جب کہ 86.02فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میںکمی ریکارڈ کی گئی جس سے سرمایہ کاروں کوایک کھرب 84ارب41کروڑ11لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑاتاہم حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم بھی منگل کی کی نسبت 11.79فیصد زائد رہا۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعرات کو کاروبارکا آغاز مثبت زون میں ہوا جس کے باعث ابتدائی اوقات میں انڈیکس 43892پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیا تاہم بعد ازاں ملک میں جاری سیاسی بے یقینی کی کیفیت کے باعث سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص فروخت کا رجحان دیکھنے میں آیا جس کے باعث مارکیٹ میں مندی چھاگئی اور دوران ٹریڈنگ کے ایس ای100 انڈیکس43ہزار کی نفسیاتی حد سے گرتے ہوئے 42689پوائنٹس کی نچلی سطح پر آگیا بعد میں معمولی ریکوری آئی اور 42700 پوائنٹس کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی لیکن مجموعی طور پر مندی کا رجحا ن آخر تک غالب رہا اورمارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس 911.92 پوائنٹس کی کمی سے 42779.76پوائنٹس پر بند ہوا۔