کراچی: بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ شروع

334

کراچی: شہر قائد میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے ساتھ گیس کی لوڈ شیڈنگ بھی معمول بن گئی ہے جس کے باعث  شہریوں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق موسم گرما شروع ہوتے ہی شہر قائد کے باسی بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ کے دوہرے عذاب کا شکار ہوگیے جبکہ سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کی جانب سے شہر میں 6 سے 8 گھنٹے کی گیس کی لوڈ شیڈنگ کی جار ہی ہے۔

خیال رہے رہائشی علاقوں میں بجلی اور گیس کی عدم فراہمی سے مععمولات زندگی سخت متاثر ہورہے ہیں جبکہ گیس کی لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے روٹی اور سالن کے لیے ہوٹلوں میں لمبی قطاریں دیکھی جارہی ہیں۔

واضح رہے کراچی کے مختلف علاقوں میں گیس کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے باعث شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ شہر میں بجلی کی صورتحال بھی خراب ہے اور  موسم گرما کے مکمل رنگ جمانے سے قبل ہی شہر میں بجلی کی 6 سے 7 گھنٹوں کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے (علاقے کا فالٹ ہے)۔

کراچی کے علاقوں ایف بی ایریا، پاپوش نگر، لانڈھی، سائٹ، کورنگی، بلال کالونی، اورنگی ٹاؤن، شیر شاہ، لیاقت آباد، گڈاپ، کاٹھور، احسن آباد، گلشن معمار، گلستان جوہر، نیو کراچی، گلزار ہجری اور دیگر علاقوں میں 2 سے ڈھائی گھنٹے کی 3 بار لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اکثر علاقوں میں مرمت کے نام پر 10 سے 12 گھنٹے کی بجلی بند کرنا معمول بن گیا ہے جبکہ موسم گرما میں بلا تعطل بجلی فراہم کرنے کے دعوے پر موسم سرما میں مرمت کے نام پر 10 سے 12 گھنٹے بجلی بند کی گئی ، تاہم  شہریوں کا کہنا ہے کہ شکایت کرنے پر کے الیکٹرک کا عملہ مقامی فالٹ بتاتا ہے۔

یاد رہے شہر کے بیشتر علاقوں میں شہریوں کو گیس پریشر میں کمی کاسامناہے اور بعض علاقوں میں گیس بالکل غائب ہے جبکہ نارتھ ناظم آباد ، لیاری اورنگی ٹاؤن سمیت اولڈ سٹی ایریاز میں صورت حال زیادہ خراب ہے اورگھروں میں کھانا نہیں پک رہا اور شہری ہوٹلوں سےکھانا خریدنے پر مجبور ہیں۔