‘ساری پارٹی چھوڑ جائے تب بھی تنہا ان کے خلاف لڑوں گا’

381

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہماری لیڈرشپ کو پتا ہونا چاہیے کہ پاکستان ایک عظیم خواب تھا، پاکستان اس لیے نہیں بنا تھا کہ شریف اور زرداری ارب پتی بن جائیں۔

اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کے بعد ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں جوہوا اس پر مجھے شرمندگی  ہوتی ہےالیکشن کمیشن کہتاہے  کہ بڑا اچھا الیکشن ہوا ، اس سے مجھے اور صدمہ ہوا اگر یہ اتنا اچھا الیکشن تھا  تو برا الیکشن کیا ہوگا؟ ہم ایک ماہ سے کہہ رہے تھے کہ الیکشن کے لیے پیسے جمع کیے جارہے ہیں ، سینیٹ الیکشن میں منڈی لگی ہوئی تھی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ کہا جاتا ہےایک زرداری سب پر بھاری، وہ رشوت دیتا اس لیے وہ بھاری ہے؟ زرداری دنیابھرمیں10 پرسنٹ  سےمشہور ہے،اس پر فلمیں بنی ہوئی ہیں،نواز شریف ملک کو 30 سال سے لوٹ کر ملک سے باہر بھاگاہوا ہے جب کہ فضل الرحمان ہمیشہ سے دو نمبر آدمی ہے جو مشرف کے ساتھ ملا ہوا تھا۔

انہوں نے کہا کہ این آر او لے کر دونوں نے دونوں ہاتھوں سے ملک لوٹا، سارے ڈاکو سمجھ رہے ہیں پریشر ڈالو یہ عمران خان این آر او دے دے گا، جتنا پیسہ ان کے پاس ہے ان کو خود نہیں پتہ یہ کہاں کہاں  پڑاہواہے نوازشریف، زرداری سمیت اپوزیشن سمجھتی ہے مجھے بلیک میل کرلے گی،  نیب کا فیٹف سے کیاتعلق ہے ،انہوں نے 34شقیں ختم کرنے کے لیے دباوَ ڈالا، ایف اے ٹی ایف کی قانون سازی میں بلیک میل کرنے کی کوشش کی گئی ،  اپوزیشن کا ایک ہی ایجنڈ اہے کہ ان کو این آر او دیا جائےایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں ہماری وجہ سے نہیں ، ن لیگ کے دور میں آئے، اگر ہم پر پابندیاں لگ جاتیں تو آپ سوچ نہیں سکتے ملک میں کیا حال ہوتا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں یہ کبھی بھولنا نہیں چاہیے پاکستان کیوں بنا تھا قوم اپنے نظریے سےپیچھے ہٹتی ہے تو مرجاتی ہے، بڑا انسان بننے کیلئے مشکل وقت کا سامنا کرو، ہماری لیڈرشپ کو پتا ہونا چاہیے کہ پاکستان ایک عظیم خواب تھا، پاکستان اس لیے نہیں بنا تھا کہ شریف اور زرداری ارب پتی بن جائیں علامہ اقبال کا خواب  پاکستان کو اسلامی ریاست بنانا تھا۔

وزیراعظم نے اتحادیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مجھ پر اعتماد کےلیے   اتحادیوں   اور اراکین  کا  شکریہ ادا  کرتا ہوں، سینیٹ انتخابات  میں آپ کے جذبات دیکھ کراچھا لگا  ہر مشکل وقت میں اتحادیوں نے میرا ساتھ دیا  مجھے آپ میں ایک ٹیم نظر آئی، ہماری ٹیم مضبوط ہوتی رہے گی جب آپ مشکل وقت سے نکلتے ہیں تو اور مضبوط ہوجاتے ہیں، اتحادی ہر مشکل وقت میں میرے ساتھ کھڑے رہے،  کئی اراکین کی طبیعت ٹھیک نہیں تھی پھر بھی آئے ، شکریہ ادا کرتا ہوں۔