حکمران طلبہ مسائل حل کرنے کے بجائے سیاست کررہے ہیں

143

فیصل آباد،(وقائع نگار خصوصی)اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم ڈویژن شعیب اعظم سلیمی نے کہا ہے کہ طلبہ مسائل میں پھنسے ہوئے ہیں اور حکمران مسائل پر توجہ دینے کے بجائے سیاست کر رہے ہیں پنجاب میں اس وقت بھی ہزاروں طلبہ کھلے آسمان تلے تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ فیسوں میں بے جا اضافہ، عمارتوں کی کمی، اسکولز اور کالج میں سفارشی اور نااہل اسٹاف کی بھرتیوں جیسے مسائل طلبہ کے بنیادی مسائل ہیں حکومت وقت بڑے بڑے دعوے کرنے کے بجائے طلبہ کے چھوٹے چھوٹ مسائل حل کرے۔انہوں نے کہاکہ ان تمام مسائل کی وجہ سے طلبہ پریشانیوں میں مبتلا ہیں اور ان کا تعلیمی کیریئر داؤ پر لگ جاتا ہے ۔ ایسے حالات میں طلبہ یونین کے الیکشن کا ہونا از حد ضروری ہے۔طلبہ یونین کے الیکشن نہ ہونے کی وجہ سے طلبہ برادری کے مسائل کم ہونے کے بجائے بڑھتے جا رہے ہیں۔ملک میں ہر سطح پر یونین موجود ہے لیکن ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والے نوجوان اس سے محروم ہیں جو کہ جمہوریت کے دعویداروں کے منہ پر طمانچہ ہے۔انہوں نے کہاکہ اصلاحِ معاشرہ کیلیے نوجوانوں کی تعلیمی، اخلاقی، نظریاتی، سیاسی اور فنی تربیت نا گزیر ہے، نوجوان طلبہ معاشرے کی اساس اور مستقبل کے معمار ہیں، جن کی تعلیم و تربیت کر کے نہ صرف معاشرے کی بنیاد کو مضبوط اور مستحکم کیا جاتا ہے بلکہ اس معاشرے کے ذریعے اقوام عالم میں بلند مرتبہ و مقام بھی پایاجا سکتا ہے، نصاب تعلیم ملی تقاضوں کے مطابق ہونا چاہیے، دور ِ حاضر کے تقاضوں کو سامنے رکھتے ہوئے حالات کا جائزہ لے کر انقلابی پالیسیاں مرتب کرنی چاہیے۔