گائے کا دودھ کم قیمت پر فروخت کرنے کا اعلان

421

کراچی: ڈیری کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن پاکستان (ڈی سی ایف اے پی) نے گائے کا دودھ کم قیمت پر فروخت کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ 2 مارچ کو ملک بھر میں بھینسوں کا دن منایا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈیری کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن پاکستان نے قیمت میں کمی کا اعلان نیشنل بفلو ڈے کے موقع پر بھینسوں کی نسل کشی اور بھینس کے دودھ کی پیداوار میں کمی کے باعث کیا۔

دودھ کی فی لیٹر پیداوار کی لاگت بڑھنے اور عوام کی قوت خرید و پریشانی کو دیکھتے ہوئے ڈیری کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن پاکستان نے گائے کا دودھ کو بھینس کے دودھ کے مقابلے میں کم ریٹ پر بیچنےکا اعلان کیا جبکہ گائے کے دودھ کی آگاہی مہم شروع کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

ترجمان کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن کے مطابق گائے کی فارمنگ کیلیے کوششیں کرنے والے عرفان آفریدی اور عامر ساکران کی جانب سے گائے کا دودھ آج سے 88.53 روپے فی لیٹر فراہم کرنے کا بیان جاری کیا گیا ہے جبکہ یہ دودھ فی من 3320 روپے دستیاب ہوگا۔

واضح رہے کہ عوام الناس کو کم قیمت پر خالص دودھ کی فراہمی یقینی بنانے کا عزم رکھتے ہوئے نیشنل بفیلو ڈے کے موقع پر ڈیری کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن پاکستان نے گائے کے دودھ کی قیمت میں کمی کا اعلامیہ جاری کیا ہے جبکہ عرفان آفریدی نے اس عزم کا بھی اظہار کیا ہے کہ عوام الناس کو کم قیمت پر خالص دودھ کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

یاد رہے ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن پاکستان نے گزشتہ روز بروز منگل 2 مارچ 2021 کو ملک بھر میں بھینس کا دن منانے کا اعلان کیا تھا جبکہ ایسوسی ایشن کاکہنا تھاکہ یہ دن منانے کا مقصد عوام میں بھینس کی اہمیت اور افادیت کے متعلق شعور بیدار کرنا ہے۔