آسٹریلیا: 8 سال سے زیر حراست مہاجرین کو رہا کردیا گیا

129

کینبرا (انٹرنیشنل ڈیسک) آسٹریلیا میں سیاسی پناہ حاصل کرنے کا سلسلہ روکنے کے لیے کئی برس سے زیر حراست درجنوں مہاجرین کو رہا کردیا گیا ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق مہاجرین کی بہبود کے لیے کام کرنے والی تنظیم رفیوجی ایکشن کولیشن کا کہنا ہے کہ برسبین، سڈنی اور ڈارون میں ہوٹلوں اور حراستی مراکز سے گزشتہ 2 روز کے دوران 60 سے زائد مہاجرین کو رہا کردیا گیا ہے۔ علاج کے لیے آسٹریلیا میں لائے جانے سے قبل ان مہاجرین نے بحرالکاہل کے جزائر پر 8 برس آسٹریلوی حراست میں کاٹے۔ دوسری جانب ترکی کے ضلع چناق قلعے اور ازمیر کے کھلے سمندر میں 56 پناہ گزینوں کو ڈوبنے سے بچا لیا گیا ہے۔ ساحلی محافظوں نے 33 پناہ گزینوں کو خشکی پر لاکر حکام کے حوالے کیا جب کہ دوسری کارروائی میں 23 مہاجرین کو ڈوبنے سے بچایا گیا۔ اُدھر امریکی وزیر داخلی سلامتی الیجینڈرو مائیورکاس نے کہا ہے کہ ٹرمپ کے دور میں سرحد پر بچوں سے جدا ہونے والے کنبوں کو ایک دوسرے سے ملادیا جائے گا اور انہیں امریکا میں رہنے کی اجازت دی جائے گی۔ پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ٹرمپ دور کی مہاجر پالیسیاں بے رحم اور سنگ دلانہ تھیں۔