توشہ خانہ ابھی تک گیلانی کاپیچھاکر رہا ہے‘ فردوس عاشق

132

لاہور (نمائندہ خصوصی) معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق نے کہا ہے کہ یوسف رضا گیلانی کے لیے حالات موافق نہیں ہیں، اراکین صاف شفاف قیادت چننا چاہتے ہیں اور توشہ خانہ کے تحفے ابھی بھی گیلانی کا پیچھا کررہے ہیں، انتخابی عمل کی شفافیت کے لیے الیکشن کمیشن کو جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کرانا ناگزیر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیف انفارمیشن کمشنر محبوب شاہ اور انفارمیشن کمشنر سعید اختر کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ معاون خصوصی نے کہا کہ اپوزیشن نے اسحق ڈار جیسے سرٹیفائیڈ چور کو سینیٹ کے ایوان تک پہنچایا تاکہ کوئی ان سے کرپشن کا حساب نہ مانگ سکے، یہ لوگ سینیٹ میں اپنی کرپشن کا تحفظ چاہتے ہیں۔ معاون خصوصی نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ پہلے دن سے نیوٹرل تھی اور یہی بات شاہی خاندان کو ناگوار گزر رہی ہے، تحریک انصاف سیاسی پنجہ آزمائی سے مخالفین کو شکست دے گی۔ ملک میں ہر الیکشن پر انگلی اٹھتی رہی ہے، اس تنازع کو ٹیکنالوجی کے استعمال سے ہمیشہ کے لیے ختم کیا جا سکتا ہے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ حکومت صحافی برادری کی آواز کو طاقتور بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ کمیشن نے سال 2018-19ء اور 2019-20ء کی کارکردگی پر مبنی سالانہ رپورٹ تیار کر کے اسمبلی کو پیش کردی ۔