حکومت مرکنٹائل میرین ڈیپارٹمنٹ کے مسائل حل کرے، حافظ نعیم

248

کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ مرکنٹائل میرین ڈیپارٹمنٹ پر سنجیدگی سے توجہ دے اور ان کے مسائل حل کرے اور ضرورت کے مطابق سرویئرز کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے۔

ادارہ نور حق میں پاکستان شپ میننگ ایجنٹس ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری اقبال نبی کی قیادت میں میرین ڈیپارٹمنٹ کے ایک وفد نے حافظ نعیم الرحمن سے ملاقات کی اور اپنے ادارے کے مسائل و مشکلات، سرویئرز کی عدم دستیابی کے باعث پیدا ہونے والی سنگین صورتحال اور سی مینز و افسران کے امتحانات میں دو سال سے تعطل کے بارے میں آگاہ کیا۔

 وفد نے درخواست کی کہ جماعت اسلامی دیگر مسائل کے ساتھ ان کے مسائل پر بھی آواز اُٹھائے اور اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرے۔

حافظ نعیم الرحمن نے وفد کو جماعت اسلامی کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ میرینر ملک کے لیے زر مبادلہ لائین اور میرینرز دینے والا ادارہ تسلسل کے ساتھ کام کرتا رہے۔

اقبال نبی نے حافظ نعیم الرحمن نے کو بتایا کہ جہازوں پر کام کرنے والے سی مینز و افسران کے امتحانات کے لیے 12 سرویئر درکار ہوتے ہیں،پورٹ اینڈ شپنگ کے ادارے مر کنٹائل میرین ڈیپارٹمنٹ میں سرویئرز کی عدم دستیابی انتہائی تشویشناک صورت حال اختیار کر گئی ہے اور25ہزار مرچنٹ میرین کے بے روز گار ہونے کا خدشہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سرویئرزنہ ہونے کے با عث بحری جہازوں، لانچوں کے سروے سی مینز و افسران کے امتحانات عملاً دوسال سے معطل ہیں، جہازوں کو تیل فراہم کرنے والے آئل ٹینکرز کے لائسنز بھی ختم ہو رہے ہیں۔