کشمیری پاکستان کی بقا کی جنگ لڑے رہے ہیں،تنہا نہیں چھوڑیں گے ،جاوید قصوری

388

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ مودی کے دورہ مقبوضہ کشمیر کے موقع پر بھارتی فوج کی پر تشدد کارروائیاں بڑھ گئی ہیں۔ 80 لاکھ کشمیری مودی کے دورے کے موقع پر آج یوم سیاہ منارہے ہیں۔ عالمی برادری بھارت کی جارحیت کا نوٹس لے۔ کشمیریوں کے حق خود ارادیت دیے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے نہتے مسلمان پاکستان کی بقا کی جنگ لڑرہے ہیں۔ ان کو کسی بھی طور پر تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کی قربانیوں پر خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل صرف اور صرف اسی میں منحصر ہے کہ کشمیریوںکو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی روشنی میں اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کی آزادی دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت مودی سرکار مقبوضہ کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی کوششں کررہی ہے۔ انڈیاکے مختلف علاقوں سے ہندوئوں کو مقبوضہ کشمیر لا کر آباد کیا جارہا ہے اور اس تناظر میں انہیں لا متناہی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ بھارت کا کوئی بھی حربہ کامیاب نہیں ہوسکتا اور اس کی تمام تدبیریں الٹی پڑ جائیں گئی۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ حکومت پاکستان کی یہ بنیادی ذمے داری ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کو مستقل طور پر عالمی سطح پر اٹھانے کے حوالے سے دنیا بھر میںموجود اپنے سفارتخانوں میں ڈیسک قائم کرے اور انہیں ٹاسک دیا جائے۔ کشمیرکی آزادی تک بھارت سے تعلقات بہتر نہیں ہوسکتے۔ بھارت مسلسل پاکستان کے اندر دہشت گردی کو سپورٹ کررہا ہے۔ 2003ء سے اب تک ایل او سی پر 13 ہزار 500 مرتبہ سیز فائر کی خلاف ورزی کی گئی، جس میں 310 افراد شہید اور 1600 زخمی ہوئے۔