ٹرمپ کا ایک اور فیصلہ کالعدم‘ گرین کارڈ پر پابندی ختم

263
واشنگٹن: امریکی صدر جو بائیڈن گرین کارڈ پر پابندی کے خاتمے کا اعلان اور حکم نامے پر دستخط کررہے ہیں

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی صدر جوبائیڈن نے گرین کارڈ کے درخواست گزاروں کے ملک میں داخل ہونے پر پابندی سے متعلق سابق حکومت کے فیصلے کو ختم کردیا۔ خبر رساں اداروں کے مطابق صدر بائیڈن نے کہا ہے کہ اس پابندی سے امریکا کو فائدے کے بجائے نقصان اٹھانا پڑرہا ہے اور اس پابندی کے نتیجے میں امریکی شہریوں اورجن افراد کو قانونی طور پر امریکا میں مستقل رہائش کا حق حاصل ہے وہ بھی آپس میں ایک دوسرے سے مل نہیں پارہے۔ اس پابندی سے امریکی صنعتوں کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے جو اپنے کام کے لیے دنیا بھر کی صلاحیتوں کا استعمال کرتی ہیں۔امیگریشن سے متعلق کیلی فورنیا کے ایک وکیل کرٹس موریسن نے بائیڈن کے اس فیصلے پرخوشی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے موکلوں کے لیے بہت خوش ہیں تاہم اگرانتظامیہ کی جانب سے سست روی کا مظاہرہ کیا گیا تو بحالی میں برسوں لگ سکتے ہیں۔ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ برس ملک میں کورونا وبا کے باعث بڑھتی بے روزگاری پر قابو پانے کے لیے گرین کارڈ کے اجرا پر پابندی عائد کی تھی۔