تعمیر نو اور سماجی انقلاب کے لیے قوم کو متحد ہونا پڑے گا، لیاقت بلوچ

171

لاہور( نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی کے نائب امیر اور سیاسی انتخابی امور قائمہ کمیٹی کے صدر لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ ملک بھر میں محب دین ، محب وطن ، باصلاحیت لوگوں کو ہر طرح کے تحفظات اور ذہنی غلامی سے نجات پانے کے لیے تعمیر نو اور سماجی انقلاب برپا کرنے کے لیے متحد ہونا ہوگا ۔جماعت اسلامی ہر باصلاحیت ، کارآمد اور محب وطن فرد کا مشترکہ پلیٹ فارم ہے ۔ عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ملک کو بحرانوں سے نجات دلائیں گے ، پاکستان میں ترقی ، استحکام اور جمہوری پارلیمانی نظام کی تمام بنیادیں موجود ہیں ۔ اللہ تعالیٰ نے آزادی اور قدرتی وسائل اور انسانی صلاحیتوں سے مالا مال کیاہے لیکن فوجی آمریتوں اور ناکام، نااہل، نالائق سیاسی جمہوری قیادت نے ملک کوگمبھیر بحرانوں سے دوچار کردیاہے ۔ غربت ، بے روزگاری ، کرپشن ، لاقانونیت اور آئین سے انحراف قومی وجود کو دیمک کی طرح چاٹ رہاہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع اٹک کے ایک روزہ دورے میں شینکہ حضرو ، اٹک شہر ، جنڈ میں ورکرز کنونشن اور تعزیتی ریفرنسز اور یوتھ تنظیموں کے کنونشن سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ جماعت اسلامی کا نااہل ناکام حکومت اور تضادات کی شکار اپوزیشن کے مقابلے میں اسلام کی حکمرانی ، کشمیر کی آزادی ، عوامی مسائل کے حل اور اسلام کے معاشی نظام کے قیام کا ایجنڈا ہے ۔سینیٹ اور ضمنی انتخابات نے عمران خان کے ہر تقریری دعوے کو بے نقاب کردیاہے ۔ ماضی کی حکومتوں کی طرح عمران سرکار بھی ریاستی طاقت سے عوام کے حق ووٹ کو چوری کر رہی ہے ۔شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے لیے تمام سیاسی جمہوری قوتوں کو قومی ڈائیلاگ کے ذریعے انتخابی اصلاحات کا مضبوط نظام لانا ہوگا ۔ ووٹ کو عزت ، ووٹ کو چوری ہونے سے بچانے کے لیے سیاسی جمہوری جماعتوں کو اسٹیبلشمنٹ سے خیرات نہیں ملے گی ۔ لیاقت بلوچ نے اٹک ضلع میں مرکزی اور اندرونی سڑکوں کی تباہ حالی پر کہاکہ پنجاب اور وفاقی حکومتیں شرم کریں ، عوام کو سہولت دیں ۔