امریکہ کا ایران پر پابندیاں برقرار رکھنے کا فیصلہ

283

واشنگٹن: وائٹ ہاؤس کی ترجمان جین ساکی نے میڈیا بریفنگ میں کہا ہے کہ یورینیم افزودگی کو روکنے اور مذاکرات پر راضی ہونے تک امریکا ایران پر عائد پابندیاں نہیں اٹھائے گا۔

امریکی میڈیا کے مطابق  ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے جوہری پروگرام کو جاری رکھنے اور یورینیم افزودگی کی مقدار بڑھانے کے متنازع بیان کی دھمکی کے بعد وائٹ ہاؤس سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ امریکا ایران سے متعلق اپنی پالیسی تبدیل نہیں کرے گا، ایران سے متعلق پالیسی اتفاق رائے سے تیار کی گئی تھی اور موجودہ حکومت بھی آئندہ کسی بھی قسم کی تبدیلی کے لیے کانگریس سے مشاورت کرے گی تاہم یہ ایران کی جوہری معاہدے کی پاسداری سے مشروط ہے۔

جین ساکی نے مزید کہا کہ یورپی یونین کے بیانیہ میں دونوں ممالک کے درمیان سفارتی مشاورت میں حصہ لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے جس کے لیے ہم ایران کی جانب سے دعوت نامے کا انتظار کریں گے۔

واضح رہے کہ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے دھمکی آمیز بیان میں کہا تھا کہ ایران عالمی طاقتوں کے آگے گھٹنے نہیں ٹیکے گا اور کوئی بھی طاقت ایران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول سے نہیں روک سکتی۔