پی ایس ایل6: لاہور قلندرز کے راشد خان افغانستان روانہ

342

کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے  ایڈیشن میں شامل افغان کھلاڑی راشد خان کا پی ایس ایل سے سفر ختم ہو گیا ہے اور وہ وطن واپس روانہ ہوگئے ہیں جبکہ راشد خان  کا کہنا تھا کہ وہ اگلے سال دوبارہ پی ایس ایل میں شرکت کے لیے آئیں گے۔

تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن میں لاہور قلندرز کی جانب سے کھیلنے والے افغان کھلاڑی راشد خان وطن واپس روانہ ہو گئے ہیں کیونکہ ٹی 20 کے نمبر ون باؤلر راشد خان زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے واپس اپنی ٹیم میں شامل ہونگے۔

روانگی سے قبل راشد خان کا کہناتھا کہ قومی ذمہ داری کے باعث بہت جلدی پی ایس ایل چھوڑ کر جا رہا ہوں جبکہ لاہور قلندرز اور چاہنے والوں کا شکریہ جنہوں نے مجھے بھرپور سپورٹ کیا اور پیار دیا ہے اور  میں اگلے سال دوبارہ پی ایس ایل میں شرکت کے لیے آؤنگا۔

واضح رہے کہ راشد خان پہلی مرتبہ پی ایس ایل کا حصہ بنے تھے اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے دو مرتبہ راشد خان کی خدمات حاصل کرنے کی کوشش کی تھی لیکن افغانستان کرکٹ بورڈ نے انہیں این او سی جاری نہیں کیا تھا۔

دوسری جانب گزشتہ روز راشد خان نے پشاور زلمی کے خلاف کھیلتے ہوئے بلا گھما کر چھکا مارا تھا جسے ہیلی کاپٹر چھکے کا نام دیا گیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھی۔