صنعتی تعلقات ڈپلوما پروگرام

235

آئی بی اے کو ای ایف پی کے ساتھ شراکت داری پر فخر ہے،رمیز خالد

اگلا ایڈوانس ڈپلومہ پروگرام جون 2021 کے وسط میں شروع کیا جائے گا، فصیح الکریم،  

            سیکریٹری لیبر سندھ عبدالرشید سولنگی نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن (آئی ایل او) کی تکنیکی معاونت کے تحت انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے) کے تعاون سے ای ایف پی کے ذریعے شروع کیے گئے”روزگار کے قوانین و صنعتی تعلقات میں ڈپلوما“ پروگرام کو فروغ دینے میں حکومت سندھ بھر پور مدد فراہم کرے گی۔ یہ بات انہوں نے گریجویشن تقریب کے موقع پر بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر ڈائریکٹر سی ای ای آئی بی اے رمیز خالد نے کہا کہ آئی بی اے کو ای ایف پی کے ساتھ اس شراکت داری پر فخر ہے جس کے ذریعے باعزت روزگار کے لیے مارکیٹ کے چیلنجز اور ڈیمانڈکو پورا کرنے میں خاطر خوا ہ مدد مسیر آئے گی۔

         ایمپلائرز فیڈریشن آف پاکستان (ای ایف پی) کے صدر اسماعیل ستار صدر نے ڈپلومہ پروگرام کو 2019 میں شروع کرنے میں ای ایف پی کے ساتھ تعاون پرآئی بی اے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ اس وقت کے ای ایف پی کے صدر مجید عزیز کے بوئے ہوئے بیج، نائب صدر ذکی احمد خان اور اس وقت کے سیکریٹری جنرل فصیح الکریم کی حمایت کے نتیجے میں یہ آج مضبوط درختوں کے ساتھ پھل پھول رہا ہے جس سے آئی آر پیشہ ور افراد اور کاروباری اداروں کی پوری برادری کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے یہ پروگرام پاکستان کے دیگر صوبوں میں بھی متعارف کروانے کے لیے ای ایف پی کے ارادے کے بارے میں بتایا۔

          کنٹری ڈائریکٹر، آئی ایل او آفس اسلام آباد انگریڈ کرسٹینسن نے ڈپلوما پروگرام متعارف کرانے پر ای ایف پی اور آئی بی اے کی خدمات کوسراہتے ہوئے پچھلے 3 سالوں میں ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے تکنیکی تعاون میں توسیع کے لیے اس عزم کا اظہار کیا کہ جب بھی پروگرام کے استحکام کے لیے ضرورت پڑی تو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔

            مشیر ای ایف پی فصیح الکریم صدیقی نے پروگرام کے فارغ التحصیل طلباء و شرکاء کو مبارکباد پیش کی اور انہیں صنعتی تعلقات کے افق پر چمکتے ہوئے ستارے قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ پروگرام کے سفیر کی حیثیت سے کام کریں گے اور آئی آر پیشے میں رول ماڈل ثابت ہوں گے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ چوتھے بیچ پرکام جاری ہے اور ایڈوانس ڈپلومہ پروگرام جون 2021 کے وسط میں شروع کیا جائے گا۔

            تقریب میں سیکریٹری لیبر سندھ عبد الرشید سولنگی، صدر ای یف پی اسماعیل ستار، نائب صدرذکی احمد خان، ڈائریکٹر سی ای ای آئی بی اے رمیز خالد، کنٹری ڈائریکٹرآئی ایل او انگریڈ کرسٹینسن اورسابق صدر ای ایف پی مجید عزیز نے گریجویشن طلباء و شرکاء میں ایوارڈز اور اسناد تقسیم کیں اور پورے پروگرام کو کامیابی کے ساتھ انجام دینے میں قابل قدر فیکلٹی، آئی بی اے اور ای ایف پی ٹیموں کی کاوشوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ پروگرام میں کاروباری اداروں کے ذریعے زیادہ سے زیادہ نامزدگیاں ارسال کی جائیں گی۔ پروگرام کے اختتام پر منیجر ایس ڈی پی سمیرا محمد نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔