عقیدہ ختم نبوت دین اسلام کی اساس ہے،مجلس احرار اسلام

97

لاہور (نمائندہ جسارت) عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کے لیے 1953ء کے شہداء کی طرح کسی قسم کی قربانی دینے سے دریغ نہیں کریں گے۔ مجلس احراراسلام لاہور کے صدر حاجی محمد لطیف کی صدارت میںایک اہم مشاورتی اجلاس ایوان احرار نیومسلم ٹائون لاہور میں منعقد ہواجس میں مجلس احرار اسلام پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل میاں محمد اویس،قاری محمد قاسم بلوچ، عبدالحی بٹ، مولانا فدا الرحمن، قاری عبدالعزیز یوسف،حاجی غلام مصطفی،مولانامحمدوقاص حیدر،قاری شہزاد رسول، محمدبلال اورکامران مصطفیٰ ودیگر احرار کار کنوں نے شرکت کی۔حاجی محمد لطیف نے اپنے صدارتی خطاب میں کہاکہ عقیدہ ختم نبوت دین اسلام کی اساس ہے۔ انہوں نے کہا کہ عقیدۂ ختم نبوت اور ناموس رسالتﷺ کا تحفظ 1953ء کے شہداء کی طرح کرتے ہوئے کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے دریغ نہیں کریں گے ۔مولانا فدا الرحمن نے کہا کہ قانون کی بالادستی کو قائم رکھتے ہوئے ہم عقیدۂ ختم نبوت کا تحفظ خون کے آخری قطرے تک کریں گے۔ میاں محمد اویس نے کارکنوں کو 7مارچ کو حضرت پیر جی سید عطا المہیمن بخاری مرحوم کی یاد میں ہونے والی کانفرنس کے حوالے سے تنظیمی امور پر ہدایات دی ۔ انہوں نے واشگاف الفاظ میں کہاکہ حکومت آئین کی اسلامی دفعات کے حوالے سے اپنے مؤقف کا کھل کراظہارکرے اورقادیانیوں کی ریشہ دوانیوں کو لگام ڈالی جائے ۔ملک میں قادیانی ریشہ دوانیاں بڑھ رہی ہیں اور مغربی کلچروثقافت کو فروغ دے کر حیا باختہ معاشرہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ تحفظ ختم نبوت اورتحفظ ناموس رسالت ؐ جیسے قوانین اور امتناع قادیانیت ایکٹ پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے ۔ 7مارچ کو ہونے والی کانفرنس کے انتظامات کے لیے کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی۔