مہنگائی بے روزگاری اور لاقانونیت عروج پر ہے، شاہد رشید بٹ

193

اسلام آباد(کامرس ڈیسک)اسلام آباد چیمبر کے سابق صدر شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ ملکی معیشت یرغمال ہے اورعوام مافیا کے نرغے میں تڑپ رہے ہیں۔مہنگائی بے روزگاری کرپشن اور لاقانونیت عروج پر ہے اور معیشت مسلسل دلدل میں دھنس رہی ہے۔ضمنی الیکشن سیاسی کشیدگی اور اس کے نتیجہ میں اقتصادی بدحالی میں اضافہ کرے گا۔ آئی ایم ایف کے نسخہ سے معیشت بحال نہیں ہو گی مگرعوام کے مصائب بڑھیں گے۔صورتحال بہتر بنانے کے لیے اکنامک ماڈل بدلنا ہو گاورنہ ملک کا کوئی مستقبل نہیں ہو گا۔شاہد رشید بٹ نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ ملک پر عائد قرضوں میں روزانہ اٹھارہ ارب روپے کا اضافہ ہو رہا ہے۔بجلی کا شعبہ روزانہ دو ارب روپے کا نقصان کر رہا ہے ، گردشہ قرضہ تقریباً ڈھائی کھرب روپے ہو چکا ہے،سرکاری کمپنیاں سالانہ1.8 کھرب روپے کا نقصان کر رہی ہیںجبکہ گیس کا شعبہ روزانہ ایک ارب روپے کا نقصان کر رہا ہے۔ خوراک کے مرکزی اور صوبائی محکمے 753 ارب روپے کے قرض دار ہو چکے ہیں جبکہ حکومت کی سالانہ خریداریاںساڑھے سات ارب روپے ہیں جن میں کم از کم پچیس فیصد رقم خرد برد ہو جاتی ہے۔