فرحان اشرفی ایف پی سی سی آئی ” یارن ٹریڈنگ “ کمیٹی کے کنوینر مقرر

437

فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری(ایف پی سی سی آئی) کے صدرمیاں ناصر حیات مگوں نے معرو ف صنعتکار فرحان اشرفی کو سال 2021 کے لیے ایف پی سی سی آئی کی مرکزی قائمہ کمیٹی برائے ”یارن ٹریڈنگ“ کا کنوینر مقرر کیا ہے جس کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ فرحان اشرفی اپنے تجربات اور بہترین خدمات کو بروئے کار لاتے ہوئے یارن کے کاروبار سے متعلق مسائل کواجاگر کرنے اوراسے حل کرنے میں ہر ممکن کردار ادا کرنے کی کوشش کریں گے۔

فرحان اشرفی پاکستان یارن مرچنٹس ایسوسی ایشن(پائما) کے وائس چیئرمین ہیں اور حال ہی میں سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری میں نائب صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔اس کے علاوہ فلاحی کاموں کے حوالے سے بھی ان کی خدمات قابل تعریف ہیں۔وہ نامور فلاحی ادارے المصطفیٰ ویلفیئرسوسائٹی ٹرسٹ کے جوائنٹ سیکریٹری بھی ہیں۔

فرحان اشرفی نے یارن ٹریڈنگ کے کنوینر کے لیے نامزدگی پر بزنس مین گروپ(بی ایم جی)کی قیادت سمیت ایف پی سی سی آئی کے صدر میاں ناصر حیات مگوں، سینئر نائب صدرایف پی سی سی آئی اور سینئر وائس چیئرمین پائمامحمد حنیف لاکھانی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت کی حامل ٹیکسٹائل انڈسٹری کے بنیادی خام مال یارن کے شعبے کو درپیش مسائل کو حل کرنے میں اپنی بھرپور صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے اور ٹیکسوں سے متعلق امور کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور دیگر متعلقہ فورم پر اجاگر کریں تاکہ باہمی مشاورت سے ٹیکسز سمیت دیگر مسائل کو بخوبی حل کیا جاسکے۔