ٹرمپ کا قریبی ساتھی لیبیا میں ہتھیاروں کی فراہمی کا مرتکب

230

طرابلس (انٹرنیشنل ڈیسک) اقوام متحدہ کے تفتیش کاروں نے انکشاف کیا ہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا قریبی ساتھی اور نجی سیکورٹی کا ٹھیکیدار ایرک پرنس لیبیا میں غیر قانونی طور پر اسلحہ فروخت کرتا رہا ہے۔نیو یارک ٹائمز اور واشنگٹن پوسٹ کے مطابق یہ انکشاف ایک خفیہ رپورٹ میں کیا گیا ہے، جو سلامتی کونسل کے لیے تیار کی گئی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایرک پرنس نے لیبیا میں آئینی حکومت سے برسرپیکار باغی کمانڈر جنرل خلیفہ حفتر کی حمایت کے لیے غیر ملکی جنگجوؤں پر مشتمل ایک فورس روانہ کی تھی اور انہیں اسلحہ بھی فراہم کیا تھا۔ اس معاہدے کی مالیت 8کروڑ ڈالر کے لگ بھگ تھی۔ واضح رہے کہ حفتر ملیشیا اقوام متحدہ کی حمایت یافتہ حکومت کے خلاف برسرپیکار ہے۔