لاپتہ افراد کے لواحقین کا دھرنا؛ وزیر اعظم نے نوٹس لے لیا

683
File photo

وزیر اعظم عمران خان نے لاپتہ افراد کے لواحقین کی جانب سے احتجاجی دھرنے کا نوٹس لیتے ہوئے دھرنا ختم کرنے کی درخواست کردی۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری لاپتہ افراد کے لواحقین سے ملاقات کے لیے پہنچیں۔

شیریں مزاری نے وزیراعظم کا پیغام لاپتہ افراد کے لواحقین تک پہنچایا۔ وزیراعظم نے لاپتہ افراد کے لواحقین کو احتجاجی دھرنا ختم کرنے کی درخواست کی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیریں مزاری نے کہا کہ وزیراعظم نے کہا کہ آپ لاپتا افراد کے اہلخانہ کے پاس جائیں اور ان سے 3 باتیں کہیں۔ وزیراعظم نے دھرنے میں موجود 13 خاندانوں کے لاپتہ افراد سے متعلق معلومات لینےکی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی ہے کہ مارچ میں لاپتہ افراد کے اہلخانہ سے ملیں گے۔ وزیراعظم نے مجھے لاپتہ افراد کے اہلخانہ سے دھرنا ختم کرنے کی درخواست کیلیے کہا ہے۔

شیریں مزاری نے کہا کہ میں نے دھرنے میں موجود خاندانوں سے ان کے لاپتہ افراد کے نام مانگے ہیں۔ وزیراعظم سے لاپتہ افراد کی فیملیز کے مارچ میں ملنے تک مطلوبہ معلومات مل چکی ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ گارنٹی دیتی ہوں وزیراعظم  لاپتہ افراد کے اہلخانہ سے بالکل ملیں گے۔