لاپتا افراد کی بازیابی میں عمران حکومت بھی ناکام ہے ،مولانا عبدالحق

170

کوئٹہ(نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاہے کہ نیاپاکستان ، مدینے کے اسلامی ریاست بنانے کے دعوے دار نے پرانے پاکستان کے لٹیروں کے وطیرے اختیار کر کے عوام کی زندگی ابتر کردی ہے ۔ آٹا ، چینی ، بجلی ، قرضوں ، سیمنٹ تیل اور گیس چوروں کو عمران سرکار نے تحفظ دینے کے بعد سینیٹ ووٹ بیچنے اور خریدنے والوں کو کلین چٹ دے دی ہے ۔مافیاز ،لٹیرے عوامی مسائل میں کمی کے بجائے اضافہ کر رہے ہیں ۔عوامی مسائل مہنگائی ،بدعنوانی کے ذمے داراپوزیشن سمیت بلوچستان اور فاق میں شامل جماعتیں ہیں ۔جماعت اسلامی ملک واداروں کواسلامی بناکر بلوچستان کو خوشحال بنائے گی ۔جماعت اسلامی کی مہنگائی بدعنوانی کے خلاف جدوجہد ضرور رنگ لائے گی ۔انہوں نے کہاکہ حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کے ایک پیج پر ہونے کے باوجود قومی سلامتی ، مسئلہ کشمیر اور عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ۔ سینیٹ کا انتخاب ہیجانی صورت حال سے گزر رہاہے اس ماحول میں بھی حکومتی جماعت متنازع و بدنام افراد کو ٹکٹ دے رہی ہے ۔ انتخابی نظام اور پارٹی ٹکٹ آئین کی شق 62-63 کے تحت جاری کرنے کے لیے تمام سیاسی جمہوری قوتیں آئینی اور جمہوری راستہ اختیار کریں ۔22 کروڑ عوام کو باہر سے خطرات کے مقابلہ میں اندرونی سیاسی ، مذہبی ، اقتصادی ، ریاستی دہشت گردی سے زیادہ خطرات پیدا ہو رہے ہیں ۔ لاپتا افراد کو بازیاب کرانے میں زرداری ، نوازشریف کے بعد عمران حکومت بھی ناکام ہے ۔ عوام کی خوشحالی اور قومی وحدت کے لیے ناگزیر ہے کہ قومی وسائل کی منصفانہ تقسیم کی جائے ۔ نوجوانوں کو روزگار اور کھیل کے میدان نہ دے کر نئی نسل کو بے راہ روی اور منشیات کے حوالے کیا جارہاہے ۔جماعت اسلامی عام آدمی کی پارٹی ہے ۔ اسلامی اور خوشحال پاکستان ہماری تحریک اور جدوجہد کی منزل ہے ۔ صوبائی حکومتیں بلدیاتی انتخابات کے التوا کے لیے حیلے بہانے اور غیر آئینی ، غیر جمہوری اقدام ترک کریں اور بااختیار بلدیاتی نظام و انتخاب لایا جائے۔