ورلڈکپ کی تیاری میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کی فتح معاون ثابت ہوگی،انضمام الحق

281

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کے سابق کپتان اور لیجنڈری بیٹسمین انضمام الحق کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقا کے خلاف سیریز میں جیت سے پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے ممکنہ اسکواڈ کی تیاری میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ سینئر کھلاڑیوں کی عدم موجودگی میں نوجوان کھلاڑیوں کی عمدہ کارکردگی نے قومی ٹیم کی بینچ اسٹرینتھ بھی واضح کردی ہے۔انہوں نے کہا کہ میگا ایونٹ سے قبل اب ٹیم منیجمنٹ کے پاس تمام ممکنہ کھلاڑیوں کی کارکردگی موجود ہے، جومیگا ایونٹ کی تیاریوں میں بہت معاونت کرے گی۔انضمام الحق نے کہا کہ جنوبی افریقا کے خلاف سیریز میں 2 لیگ اسپنرز کھلانے کا تجربہ بھی کامیاب رہا، عثمان قادر اور زاہد محمود نے میدان میں اپنی صلاحیتوں کا بھی بھرپور اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ لیگ اسپنر کسی بھی ٹیم کا سب سے مؤثر ہتھیار ہوتا ہے، پاکستان کی خوش قسمتی ہے کہ جنوبی افریقا کے خلاف دونوں اسپنرز نے بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا، پاکستان چاہے تو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں 2 لیگ اسپنرز کے ساتھ بھی جایا جاسکتا ہے۔ انضمام الحق نے کہا کہ ہوم سیریز میں پاکستان کی کچھ خامیاں ضرور نظر آئیں مگر ٹیسٹ کے بعد ٹی ٹوئنٹی سیریز میں جیت کا تسلسل برقرار رکھنا خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان جنوبی افریقا کے خلاف سیریز میں پاکستان کے سب سے نمایاں کھلاڑی تھے، انہوں نے طویل طرز کی کرکٹ میں لگی اپنی فارم کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں برقرار رکھا۔ انضمام الحق نے کہا کہ انہیں سب سے زیادہ خوشی حسن علی کی فارم میں واپسی پر ہوئی، عثمان قادراور محمد نواز نے بھی شاندار واپسی کی، لوئر آرڈر بیٹنگ میں بھی اچھا کھیل پیش کررہا ہے مگر مڈل آرڈر کو بہترکھیل کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔