دفاعی چمپئین کراچی کنگز ٹائٹل کے دفاع کے لیے تیار

222

کراچی (اسٹاف رپورٹر)2020 ہرکسی کے لیے ایک مشکل سال تھا،ایک طرف تو دنیا کو کورونا وائرس کی عالمی وبا ء تو دوسری طرف کچھ حادثات نے بھی ہمیں صدمے سے دوچار کیا۔کراچی کنگز نے پاکستان سپر لیگ کے فائنل میں جگہ بنائی توایک طرف کامیابیوں کی خوشیاں تھیں تو دوسری طرف ہر دلعزیز شخصیت کراچی کنگز کے کوچ ڈین جونز کی وفات کی خبر نے سب کو صدمے سے دوچار کر دیا ۔ ڈین جونز فائنل سے چندہفتے قبل اچانک انتقال کر گئے تھے۔ ڈین جونز کو پیار سے ڈینو کہا جا تا تھا، انھوں نے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے ٹیم پراپنا بہت مثبت اثر چھوڑا وہ ہر کسی کی پسندیدہ شخصیت بن چکے تھے۔یہ جونز ہی کی رہنمائی تھی کہ کراچی کنگز نے ٹورنامنٹ کے التواء سے قبل پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر جگہ بنائی ۔جب نومبر 2020 میں ٹورنامنٹ کا پلے آف مرحلہ کھیلا جا رہا تھا تو کراچی کنگز کی ٹیم صرف ایک ہی مشن کے تحت کھیل رہی تھی اوروہ مشن تھا ڈینو کے لیے جیتنا۔ پلے آف مرحلے کے دوران ایک بڑی تصویرڈین جونز کی موجودگی کا احساس دلاتی رہی۔ فائنل میں کراچی کنگز نے اپنے روایتی حریف لاہور قلندرزکو 5 وکٹوں سے شکست دی اس کامیابی نے پورے شہر میں جش کا سمان بنا دیا ۔ اب کراچی کنگز ٹائٹل کے دفاع کے لیے بھرپور تیاری کررہی ہے۔