بیرون ملک سرمایہ کاروں کو ہرممکن سہولت فراہم کرینگے‘ عبدالرزاق دائود

204

فیصل آباد (صباح نیوز) وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق دائود نے کہا ہے کہبیرون ملک سرمایہ کاروں کو ہر قسم کی سہولیات فراہم کی جائیں گی، برآمدات میں اضافے اور درآمدات میں کمی کے لیے فیڈمک کے اکنامک زونز کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے چیئرمین فیڈمک کاشف اشفاق سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ جلد فیصل آباد کا دورہ کرکے اکنامک زونز میں سرمایہ کاری اور ترقیاتی منصوبوں پر جاری پیشرفت کا جائزہ لیں گے۔چیئرمین فیڈمک نے انہیں فیڈمک کے اکنامک زونز میں لگنے والے میگا پروجیکٹس کے بارے میں آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ فیڈمک ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 1500 سو ایکڑ پر ایگرو بیسڈ اکنامک زون بنا رہا ہے جہاں ایسی انڈسٹری لگائی جائے گی جو امپورٹ ہونے والی مصنوعات کا متبادل تیار کرے گی جس سے زرعی شعبے میں ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ کپاس کی پیداوار میں کمی پر قابو پانے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے،فیڈمک کے تمام ترقیاتی منصوبوں کو وقت پر مکمل کرنے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومت مکمل تعاون فراہم کرے گی۔