پاک فوج کیلیے پیپلز لبریشن آرمی کی طرف سے کورونا ویکسین کا تحفہ

334

راولپنڈی: چین کی پیپلز لبریشن آرمی کی طرف سے پاک فوج کیلیے کورونا ویکسین کا تحفہ دیا گیا جبکہ پاک فوج نے ویکسین کی پوری کھیپ ملک بھر میں فرنٹ لائن ہیلتھ کیئر ورکرز کے لیے وقف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا ہے کہ چین کی پیپلز لبریشن آرمی نے افواج پاکستان کے لیے کورونا وائرس کی ویکسین کا تحفہ دیا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق پیپلز لبریشن آرمی کی جانب سے پاک فوج ویکسین حاصل کرنے والی پہلی غیر ملکی فوج ہے، تاہم ہر جگہ، ہر وقت پہلے قوم کے روایتی جذبے کے تحت پاک فوج نے پی ایل اے کی طرف سے عطیہ کردہ ویکسین قومی ویکسین مہم کو دینے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ یہ ویکسین ملک بھر میں فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو لگائی جا سکے جو کورونا وباء کے خلاف لڑنے اور جانیں بچانے والے حقیقی ہیرو ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فضائیہ کا الیوشن 78 ٹرانسپورٹ طیارہ ویکسین پاکستان لایا ہے اور پاک فوج پہلی غیر ملکی فوج ہے جسے چین نے کورونا ویکسین کا عطیہ دیا ہے اور  ایسے وقت میں ویکسین کے تحفے پر پیپلز لبریشن آرمی اور عوامی جمہوریہ چین کی تہہ دل سے شکر گزار ہے۔

پاک فوج ویکسین فراہم کرنے پر چین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتی ہے