میانمار میں فوجی بغاوت کے خلاف دوسرے روز بھی احتجاج جاری

417

میانمار میں دوسرے روز بھی ہزاروں افراد کی جانب سے فوجی بغاوت کے خلاف احتجاج جاری ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق میانمار میں فوجی بغاوت کے بعد شروع ہونے والا ہزاروں افراد کا احتجاج زور پکڑنے لگا ہے اور یہ احتجاجی سلسلہ آج دوسرے روز بھی جاری ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ینگون میں یونیورسٹی کے نزدیک کئی لوگوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ان میں نوجوانوں کی بڑی تعداد شریک رہی اورعوام کی جانب سے فوجی حکمرانوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی جبکہ  مظاہرین نے کہا کہ “فوجی بغاوت ناکام، ناکام۔۔ جمہوریت کامیاب، کامیاب۔۔”

Image

واضح رہے کہ ملک میں نومبر میں ہونے والے متنازع انتخابی نتائج کے بعد میانمارمیں سخت کشیدگی تھی، انتخابات میں این ایل ڈی نے حکومت بنانے کے لیے درکار نشستیں حاصل کرلی تھیں تاہم فوج نے انتخابات کے نتائج کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ میانمار میں فوج نے بغاوت کردی اور اقتدار پر قبضہ کرلیا تھا جبکہ آنگ سان سوچی سمیت متعدد رہنماؤں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ میانمار میں سرکاری سرپرستی میں برما کے مسلمانوں پر شدید مظالم کیے گئے اور آنگ سانگ سوچی کو مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کا ذمہ دار ٹھرایا جاتا ہے جبکہ برمی مسلمانوں پر مظالم کے بعد میانمار کی رہنما سوچی سے کئی ایوارڈ بھی واپس لیے گئے تھے۔