راولپنڈی ٹیسٹ ، پاکستان کی جنوبی افریقہ کیخلاف 200رنز کی برتری

253

 

راولپنڈی (سید وزیر علی قادری) دوسرے ٹیسٹ میں جنوبی افریقی ٹیم پہلی اننگز میں 201 رنز پر آؤٹ ہوگئی جب کہ دوسری اننگز میں پاکستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز بنا لیے ہیں۔ راولپنڈی میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستان کے 272 رنز کے جواب میں مہمان ٹیم 201 رنز پر آؤٹ ہوگئی اور میزبان ٹیم کو 71 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔جنوبی افریقا کیخلاف اوپنرز دوسری اننگز میں بھی ناکام ثابت ہوئے۔ عمران بٹ کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس لوٹ گئے ، عابد علی کی مزاحمت 13 رنز پر دم توڑ گئی۔ کپتان بابراعظم اس سیریز میں تیسری بار لیفٹ آرم اسپنر کیشو مہاراج کا شکار بنے، وہ 8 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، اظہر علی 33 رنز بنا کر جارچ لنڈے کا شکار بنے، فواد عالم بھی 12 رنز بنانے کے بعد جارج لنڈے کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے،فہیم اشرف اور محمد رضوان نے چھٹی وکٹ کے لیے 52 رنز جوڑے جس کے بعد فہیم اشرف 29 رنز بنا کر تیسری وکٹ بنے۔محمد رضوان 28 اور حسن علی 0 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں اور پاکستان کی مجموعی برتری 200 رنز کی ہوگئی ہے۔ تیسرے روز کھیل کا آغاز ہوا تو کپتان کوئنٹن ڈی کوک 29 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، ویان ملڈر 33، جورج لنڈے 21 رنز بناکر آؤٹ ہوئے،ٹمبا باوما 44 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، ڈین ایلگر 15، وین ڈیر ڈسن کھاتہ کھولے بغیر بولڈ ہوگئے۔ فاف ڈوپلیسی 17 رنز بناکر فہیم اشرف کا شکار بنے، ایڈن مارکرم 32 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔قومی ٹیم کی جانب سے حسن علی نے 5، نعمان علی، فہیم اشرف اور شاہین آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل قومی ٹیم پہلی اننگز میں ٹاپ آرڈر کی ناکامی کے بعد فہیم اشرف، کپتان بابراعظم اور فواد عالم کی ذمہ دارنہ بیٹنگ کی بدولت 272 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔ بابراعظم 77 اور فواد عالم 45 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ فہیم اشرف 78 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔عمران بٹ 15، عابد علی 6، اظہر علی 0، محمد رضوان 18 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ حسن علی، یاسر شاہ اور نعمان علی نے 8،8 رنز اسکور کیے۔ جبکہ تیسرے روز جنوبی افریقا کی پوری ٹیم 201 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی جبکہ پاکستان نے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر 6 وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز بنائے ہیں اور وکٹ کیپر رضوان 28 اور حسن علی بغیر کوئی رن بنائے وکٹ پر موجود ہیں اور پاکستان کو جنوبی افریقا پر 200 رنز کی سبقت حاصل ہے۔ آج چوتھے روز کا کھیل بہت اہمیت کا حامل ہے ۔ واضح رہے کہ کراچی ٹیسٹ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو7وکٹوں سے شکست دی تھی۔