کشمیر ڈے نمائشی کرکٹ ،ڈائریکٹرز فزیکل ایجوکیشن الیون نے جیت لیا

343

ٹنڈوجام ( جسارت نیوز) ٹنڈوجام کے ڈائریکٹرز فزیکل ایجوکیشن فرینڈز کے زیر اہتمام کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کرنے کے لیے سینئرز و جونیئرز ڈائریکٹرز فزیکل ایجوکیشن الیون کے مابین کشمیر ڈے نمائشی کرکٹ میچ میں پولیس گرائونڈ ٹنڈوجام میں کھیلا گیا۔ جسے دلچسپ اتار چڑھائو کے بعد سینئرز نے 23 رنز سے جیت لیا۔ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے فاتح ٹیم نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 84 رنز اسکور کیے۔زوہیب سومرو 24، گیسٹ پلیئر انڈر 16 وکٹ کیپر بیٹسمین فہد ندیم 22 سید محمد ندیم 12، گوہر رضا 10 رنز بنا کر نمایاں رہے۔جونیئرز کی جانب سے نعیم وحید نے 3،اقبال شیخ نے ہیٹ ٹرک کے ساتھ 3 جبکہ غلام مصطفی اور فیضان نے 1-1 وکٹ حاصل کی۔جوابی بیٹنگ کرتے ہوئے سینئرز کے بولرز کی نپی تلی بولنگ اور وکٹ کیپر پرویز شیخ کی عمدہ کیپنگ کے باعث جونیئرز 61 رنز پر ڈھیر ہو گئی، صرف نعیم وحید 15 رنز بنا کر نمایاں رہے۔گوہر رضا اور سید محمد ندیم نے 2-2 جبکہ شاہد ولی، عقیل احمد اور ظفر وحید نے 1-1 وکٹ حاصل کی۔تقریب تقسیم انعامات کے مہمان خصوصی پاکستان ہاکی فیڈریشن کے میمبر اسلم خان نیازی تھے جبکہ شوکت سانگی اور ظفر سیعید راجپوت اعزازی مہمان تھے۔