یکجہتی کشمیر فٹبال میچ شاہ فیصل کلب نے جیت لیا

161

 

کراچی(اسٹاف رپورٹر)شاہ فیصل فٹبال کلب کے زیر اہتمام اور عباسی ویلفیئر فائونڈیشن کے تعاون سے ہیپی ڈیل اسکول گرائونڈ ناظم آباد میں ہزاروں شائقین کی موجودگی میں یکجہتی کشمیر نمائشی فٹبال میچ میں شاہ فیصل فٹبال کلب ناظم آباد نے فرینڈز فٹبال کلب فیڈرل بی ایریا کو ایک دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک صفر سے شکست دے کر یکجہتی کشمیر نمائشی میچ جیت لیا۔فاتح ٹیم کے زبیر نے میچ کا فیصلہ کن گول اسکور کیا اور تماشائیوں سے داد وصول کی۔عباسی فائونڈیشن کے چیئرمین اعجاز عباسی یکجہتی کشمیر نمائش فٹبال میچ کے مہمان خصوصی تھے جبکہ صدارت مسلم لیگ ن ضلع وسطی کے صدر اسلم خٹک نے کی۔کھیل کے وقفے کے دوران مہمانوں کا دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے تعارف کرایا گیا۔دیگر مہمانوں میں سلیم پٹنی، شاہ فیصل کلب کے صدر لالہ اورنگزیب، سیکریٹری محمد اسماعیل، فرینڈز کلب کے سیکریٹری عاقب ، ینگ عزیز کلب کے سیکریٹری محمد بشیر ، ن لیگ کراچی کے رہنما امجد چوہدری، عادل ، انور سعید، گل نواز بھی موجود تھے۔کھیل کے اختتام پر مہمان خصوصی کی جانب سے دونوں ٹیموں کے کپتانوں کو ونر اور رنر ٹرافیاں دی گئیں جبکہ مہمانوں کو اجرگ پہنائی گئی۔