مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج سے جھڑپ میں 3مجاہدین شہید

236

سری نگر (صباح نیوز) مقبوضہ کشمیر میں ضلع پلوامہ کے ترال قصبے میں مجاہدین اور قابض بھارتی فوج کے درمیان ایک جھڑپ میں حزب المجاہدین کے 3 مجاہد شہید ہوگئے۔ اطلاعات کے مطابق ترال کے مندورہ علاقے میں مجاہدین کی موجودگی کی اطلاع پر قابض فوج نے علاقے کو محاصرے میں لیا اور تلاشی مہم کی تو جھڑپ میں3 مجاہدین شہید ہوگئے۔ حزب میڈیا سیل کے مطابق تینوں مجاہدین کا تعلق حزب المجاہدین سے تھا جن میں وارث عرف زبیر ، عارف احمد شیخ اور احتشام شامل ہیں۔ ادھر بھارتی فوج نے شوپیاں، پلوامہ، بارہمولہ، راجوری اور دیگر علاقوں میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائیاں جاری رکھیں جس کی وجہ سے مقامی لوگوںکو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بھارتی پولیس نے بارہمولہ میں ایک نوجوان کو گرفتار کرلیا ۔ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکرٹری مولوی بشیر احمد نے سوپور میں ایک تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عالمی برادری پر زوردیا ہے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بڑھتی ہوئی بھارتی ریاستی دہشت گردی کا سخت نوٹس لے اور کشمیریوںکو ان کا حق خودارادیت دلانے کے لیے اپنا کردار کرے ‘ کشمیریوں نے کبھی بھی اپنے مادر وطن پر بھارت کے غیر قانونی تسلط کو قبول نہیں کیا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں غلام محمد خان سوپوری اور خواجہ فردوس نے سری نگر سے جاری اپنے الگ الگ بیانات میں جیلوںمیں قید کشمیریوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے غیر انسانی سلوک پر شدید تشویش ظاہر کی ہے ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے رہنمائوں نے ہیومن رائٹس کونسل آف پاکستان کے چیئرمین جمشید حسین اور جنرل سیکرٹری ثنا احمد کے ساتھ جمعے کو اسلام آباد میں ایک خصوصی نشست کے دوران انہیں بھارتی فوج کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر کے بے گناہ لوگوں پر ڈھائے جانے والے مظالم سے آگاہ کیا۔