نئی دہلی: سکھ کسان ٹریکٹر ریلی کے بعد سیکیورٹی ہائی الرٹ

325

نئی دہلی: بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں کسان ٹریکٹر ریلی کے دوران دہلی کے لال قلعے پر سکھ کسانوں کی جانب سے خالصتان تحریک کا  پرچم لہرانے کے بعد سیکیورٹی  کو ہائی الرٹ کردایا گیا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق نئی دلی کے لال قلعہ پر خالصتان کا پرچم لہرانے والے ڈٹ گئے، کسانوں نے مودی سرکار کے خلاف احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے جبکہ خالصتان کی گونج دنیا بھر میں سنائی دینے لگی ہے تاہم واشنگٹن اور نیو یارک میں بھی کسانوں کے حق میں مظاہرے کئے گئے۔

میڈیا کے مطابق کسان رہنما آج بھی مظاہرین سے خطاب کریں گے اور صورتِ حال کنٹرول کرنے کے لیے اضافی نیم فوجی دستے دہلی کی سرحدوں اور حساس مقامات پر تعینات کر دیئے گئے ہیں جبکہ بھارت کی دیگر دو ریاستوں پنجاب اور ہریانہ میں بھی اس حوالے سے ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے گزشتہ روز بھارت کے نام نہاد یومِ جمہوریہ کے موقع پر بھارتی سکھ کسان مظاہرین نے دہلی کے لال قلعے پر اپنا مذہبی پرچم لہرا دیا تھا جبکہ بھارتی پولیس کی جانب سے مظاہرین کو روکنے کے لیے شیلنگ اور لاٹھی چارج بھی کی گئی لیکن انہیں کسانوں کو روکنے میں ناکامی کا سامنا رہا۔

خیال رہے زرعی قوانین پر مودی سرکار کے خلاف 2 ماہ سے احتجاج کرنے والے کسان مظاہرین بھارتی یومِ جمہوریہ کے موقع پر ہونے والی پریڈ کے دوران دارالحکومت دہلی میں داخل ہوئے تھے۔

بھارت کے یوم جمہوریہ پر مودی سرکار کو بڑی ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا اور بھارتی کسانوں نے دہلی کی اینٹ سے اینٹ بجا دی جبکہ متحدہ کسان مورچہ کا کہنا تھاکہ ان کی احتجاجی تحریک جاری رہے گی۔

یاد رہے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو یوم جمہوریہ کی فوجی پریڈ سے پہلے ہی سیدھا گھر پہنچادیا گیا تھا اور کسانوں کے دھاوے کے بعد نرندر مودی لال قلعے پر اپنا روایتی خطاب بھی نہیں کر سکے تھے۔

دوسری جانب بھارتی پولیس نے ٹریکٹر پریڈ کرنے والوں کے خلاف 15 مقدمات درج کر لیے ہیں اور  پنجاب، ہریانہ، اتر پردیش، راجستھان اور دیگر کئی ریاستوں سے لاکھوں کسان اپنے ٹریکٹر لے کر دہلی پہنچے تھے جبکہ دہلی کے علاقے موکربا چوک، غازی پور، سیما پور، ننگولی ٹی پوائنٹ اور لال قلعہ میدان جنگ بنے رہے۔

دہلی میں اب بھی کسان ہزاروں ٹریکٹرز کے ساتھ موجود ہیں جبکہ حکومت احتجاج مزید پھیلنے کے خوف میں مبتلا دکھائی دیتی ہے اور اسی حوالے سے ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔