بائیڈن کا مجوزہ امیگریشن بل‘ لاکھوں تارکین وطن پُرامید

282

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا میں تارکین وطن کے حقوق کے لیے سرگرم کارکن ایک ایسے بل کی منظوری کے لیے پُرامید ہیں، جو ایک کروڑ 10 لاکھ باشندوں کے لیے امریکی شہریت کے حصول کی راہ ہموار کر دے گا۔ خبر رساں اداروں کے مطابق امریکا کے نئے صدر جوبائیڈن کے مجوزہ بل کی شکل میں تارکین وطن کے حقوق کے لیے سرگرم کارکنوں کو ایک خوش امیدی کی کرن نظرآرہی ہے۔ کیپٹل ہل میں ڈیموکریٹک انتظامیہ ایک مجوزہ بل کی منظوری کی کوشش میں ہے ۔ جو بائیڈن نے اپنے ابتدائی ایام ہی میں یہ مجوزہ بل پیش کر دیا ہے۔ گزشتہ روز اس سلسلے میں کام کرنے والے گروپوں نے جن میں یونائیٹڈ ڈریم اور یونائیٹڈ فارم ورکرز فاؤنڈیشن شامل ہیں، ملٹی ملین ڈالر کی مہم شروع کی تھی۔ تارکین وطن کے حقوق کے لیے سرگرم عناصر کی طرف سے امریکا کی ’’امیگریشن پالیسی‘‘ میں مثبت تبدیلیوں کی کوشش طویل عرصے سے جاری ہے ۔یہ معاملہ امریکا میں ریپبلکن اور ڈیموکریٹس کی تقسیم کا سبب بننے والے اہم اور انتہائی شدید نوعیت کے معاملات میں سے ایک ہے۔