وزیر اعظم کے مشیران تقررکیس کی سماعت ملتوی‘فریقین کے وکلا طلب

245

لاہور (نمائندہ جسارت) لاہور ہائیکورٹ نے وزیر اعظم عمران خان کے16 مشیران خاص کی تقرر کے خلاف درخواست پر سماعت11 فروری تک ملتوی کرتے ہوئے فریقین کے وکلا کو طلب کرلیا۔ چیف جسٹس محمد قاسم خان نے درخواست پر سماعت کی ۔دوران سماعت ڈپٹی اٹارنی جنرل نے موقف دیاکہ اسی معاملے پرعدالت عظمیٰ کا فیصلہ آچکا ہے،فاضل عدالت نے کیس کی مزید سماعت 11فروری تک ملتوی کرتے ہوئے فریقین کے وکلا کو طلب کر لیا ۔ درخواست گزار کے موقف کے مطابق ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ رکن اسمبلی ہیں اور نہ ہی سینیٹ کے رکن ہیں مگر انہیں وزارت خزانہ کا قلمدان سونپا گیا ہے، آئین کے آرٹیکل92 کے تحت وزیر اعظم کی سفارش پر صرف رکن اسمبلی ہی وفاقی وزیر کے عہدے پر مقرر کیا جا سکتا ہے، آئین کے آرٹیکل2 اے کے تحت غیر منتخب شخص ریاست کے اختیارات کا استعمال نہیں کر سکتا، آرٹیکل90 کی ضمنی دفعہ1 کے تحت وفاقی حکومت غیر منتخب افراد کو شامل کر کے نہیں چلائی جا سکتی، وزیر اعظم کے دہری شہریت کے حامل مشیران خاص ریاست پاکستان کے لیے سیکورٹی رسک ہیں، ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، عبدالرزاق دائود، امین اسلم، ڈاکٹر عشرت حسین، ڈاکٹر بابر اعوان کی بطور مشیر تقرر غیر آئینی ہے،محمد شہزاد ارباب، مرزا شہزاد اکبر، سید شہزاد قاسم، ڈاکٹر ظفر مرزا اور معید یوسف ،زلفی بخاری، ندیم بابر، ڈاکٹر ثانیہ نشتر، شہباز گل اور تانیہ ایس اردس کو مشیر خاص کے عہدوں سے ہٹایا جائے۔