قانون سب کیلیے برابر ہے‘خواہ وکیل ہی کیوں نہ ہو‘ لاہور ہائیکورٹ

281

لاہور (اے پی پی) لاہور ہائیکورٹ نے منشیات برآمدگی سے متعلق مقدمے میں درخواست ضمانت کی سماعت کے دوران ریمارکس دیے کہ قانون سب کے لیے برابر ہے، چاہے وہ وکیل ہو یا کوئی اور ہو۔ چیف جسٹس قاسم خان نے21 کلو ہیروئن کے ملزم شیروز کی درخواست ضمانت کی سماعت کی۔ دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ درخواست گزار ایک وکیل ہے اور ان کے خلاف بے بنیاد مقدمہ درج کیا گیا ہے، عدالت نے باور کرایا کہ یہ تو تحقیقات میں ثابت ہوگا کہ وہ بے گناہ ہیں یا نہیں، چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ریاست کو الزام مت دیں اور نہ ہی سارے ادارے کو الزام دیا جاسکتاہے، اس میں کوئی شخص بھی ہوسکتا ہے۔ چیف جسٹس نے باور کرایا کہ یہ درخواست تو پہلے فاضل جج صاحبہ کے زیر سماعت تھی، یہاں کیسے سماعت کے لیے ان کے روبرو پیش کی گئی۔ چیف جسٹس نے درخواست جسٹس عالیہ نیلم کی عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کردی۔