پنجاب کے ہر شہری کو ہیلتھ انشورنس دینگے، عثمان بزدار

273

لاہور (نمائندہ جسارت) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا ۔پنجاب کابینہ کے اجلاس میں صوبے کے ہر شہری کو ہیلتھ کوریج فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیااورکابینہ نے پنجاب کی 100 فیصد آبادی کو دسمبر 2021ء تک ہیلتھ انشورنس فراہم کرنے کے لیے یونیورسیل ہیلتھ کوریج پروگرام کی منظوری دے دی جبکہ یونیورسیل ہیلتھ کوریج پروگرام سے متعلقہ امور طے کرنے کے لیے وزارتی کمیٹی تشکیل دی گئی۔کابینہ نے بھکر میں تھل یونیورسٹی کے قیام، لاہور سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے قیام ، سیالکوٹ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے قیام ،ضلع بھکر میں آرمی ویلفیئر اسکیم کے لیے متبادل زمین دینے کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں ڈیولپمنٹ اتھارٹی ایکٹ 2014ء کی شق 19 کے تحت املاک کی منتقلی اورمینجمنٹ کے مسودہ قانون اور ڈاکخانوں کے ذریعے موٹرو ہیکل ٹیکسوں کی وصولی کااختیار واپس لینے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میںفیصلہ کیا گیاکہ نادہندگان کی جائداد سیل کرنے کا اختیار محکمہ ایکسائز کو ہوگا۔ انفرااسٹرکچرڈیولپمنٹ اتھارٹی پنجاب منصوبوں کے حوالے سے خیبر پختوانخوا حکومت کی معاونت کرے گی ۔ کابینہ نے مشترکہ مفادات کونسل کے مستقل سیکرٹریٹ کے قیام کے حوالے سے وفاقی حکومت کے فیصلے کی توثیق کی۔اجلاس میںانرجی معاہدوں کے لیے غیر ملکی کرنسی کے تبادلے کے لیے چائنیزکرنسی یوآن (Yuan) کے استعمال کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میںپنجاب پولیس میں ڈی ایس پی اورایس پی کی ترقی کے لیے سروس رولز کی اصولی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے سرگودھا اورراولپنڈی میں انسداد دہشت گردی کی 2 عدالتیں بند کرنے ،پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کی چیئرپرسن کے لیے مراعات کے تعین کی بھی منظوری دی گئی۔اجلاس میں صوبائی وزرا،مشیران،معاونین خصوصی،چیف سیکرٹری اوراعلیٰ حکام نے شرکت کی۔