سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نے استعفیٰ جمع کروا دیا

260

سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور تحریک انصاف کے رہنما فردوس شمیم نقوی نے اپنا استعفیٰ سیکریٹری سندھ اسمبلی کو جمع کروا دیا۔

فردوس شمیم نقوی اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی کے عہدے سےمستعفی ہوگئے۔ انہوں نے اپنا استعفیٰ اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کر وایا ہے۔

شمیم نقوی کا کہنا ہے کہ کہ اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے مستعفی ہوا ہوں، پارٹی سے نہیں، تحریک انصاف میری پہلی اور آخری جماعت ہے، کہیں نہیں جارہا۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف کے رہنما فردوس شمیم نقوی نے بطور اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی 3 ماہ قبل بھی استعفا پارٹی چیئرمین کو جمع کرایا تھا، اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی نے کراچی میں گیس بحران پر وفاقی وزرا اوراپنی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

انہوں نے نہ صرف پی ٹی آئی حکومت بلکہ وزیراعظم عمران خان پر بھی شدید تنقید کی تھی۔بعد ازاں اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر شیئر کیے گئے پیغام کے ذریعے سخت الفاظ استعمال کرنے پر معافی بھی مانگی تھی۔

فردوس شمیم نقوی کے استعفے کی منظوری اور تحریک انصاف کی جانب سے سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کی نامزدگی کے بعد سندھ اسمبلی میں نئے اپوزیشن لیڈر کا انتخاب کیا جائے گا جس کا فیصلہ فی الحال نہیں ہوسکاہے۔ تاہم اطلاعات ہیں کہ سندھ اسمبلی میں تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ کو صوبائی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کے لیے نامزد کیے جانے کا امکان ہے جبکہ حلیم عادل شیخ کی جگہ سندھ اسمبلی میں تحریک انصاف کا نیا پارلیمانی لیڈرنامزد کیا جائے گا۔