وفاقی وزراء سمیت 154 ارکان اسمبلی کی رکنیت معطل

395

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے پر وفاقی وزراء سمیت پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں کے 154 ارکان کی رکنیت معطل کردی۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے سینیٹ کے 3، قومی اسمبلی کے 48، پنجاب اسمبلی کے 52، سندھ اسمبلی کے 19، خیبرپختونخوا اسمبلی کے 26 اور بلوچستان اسمبلی کے 6 ارکان کی رکنیت معطل کی ہے۔ وفاقی وزراء فوادچوہدری، علی حیدر زیدی اور ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کی رکنیت بھی معطل کی گئی ہے جبکہ قومی اسمبلی کے معطل ہونے والے دیگر ارکان میں خالد مقبول صدیقی، علی نواز اعوان، عامر لیاقت، مہناز اکبر عزیز، شاندانہ گلزار، شیخ روحیل اصغر، مائزہ حمید بھی شامل ہیں۔

سینیٹ کے تین ارکان سینیٹر مصدق مسعود ملک، سینیٹر کامران مائیکل اور سینیٹر شمیم آفریدی کی رکنیت معطل کی گئی ہے۔

پنجاب اسمبلی کے معطل ارکان میں چوہدری  نثار علی خان بھی شامل ہیں جنہوں نے اب تک پنجاب اسمبلی کی رکنیت کا  حلف نہیں اٹھایا، جبکہ دیگر میں سردار اویس احمد خان لغاری، رانا محمد افضل اور چوہدری مظہر اقبال بھی پنجاب اسمبلی کے معطل ارکان میں شامل ہیں۔

سندھ اسمبلی کے معطل ارکان میں ناصر حسین شاہ، سردار خان چانڈیو سمیت دیگر ارکان شامل ہیں  جبکہ خیبر پختونخوا اسمبلی  کے جن اراکین کی رکنیت معطل ہوئی ان میں شوکت علی، ہمایوں خان سمیت دیگر ارکان شامل ہیں۔

بلوچستان اسمبلی کے معطل ارکان میں  سردار یار محمد رند، مسعود علی خان سمیت دیگر ارکان شامل ہیں، الیکشن کمیشن اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے والے ارکان کی رکنیت بحال کردے گا۔