مسلح مظاہروں کا الرٹ جاری: عمارتوں کی حفاظت کیلیے نیشنل گارڈز متحرک

305

واشنگٹن: امریکہ کے نومنتخب صدر جو بائیڈن کی حلف برداری سے پہلے ٹرمپ کے حامیوں کی جانب سے پرتشدد مظاہروں کے اندیشے کے پیش نظر اتوار کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے ملک بھر میں سرکاری عمارتوں کو گھیرے میں لے لیا۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ٹرمپ کے حامی ان کے اس بے بنیاد دعوے کہ ان سے الیکشن چھینا گیا پر یقین رکھتے ہیں جبکہ امریکہ کی ایک درجن سے زائد ریاستوں نے اپنی سرکاری عمارتوں کی حفاظت کے لیے نیشنل گارڈز کو متحرک کردیا ہے اور یہ اقدام ایف بی آئی کی جانب سے مسلح مظاہروں کا الرٹ جاری کرنے کے بعد کیا گیا ہے۔

سکیورٹی حکام کے مطابق اتوار متوقع مظاہروں کے حوالے سے پہلا فلیش پوائنٹ ہے کیونکہ ہفتوں پہلے حکومت مخالف بوگالو تحریک نے تمام 50 ریاستوں میں مظاہروں کا اعلان کیا تھا جبکہ ان ریاستوں کے دارالحکومتوں میں جہاں ٹرمپ نے دھاندلی کا الزام لگایا تھا خصوصی ہائی الرٹ ہے۔

دوسری جانب اتوار کی دوپہر تک سینکڑوں قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں اور صحافیوں کی موجودگی میں چند مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے تھے جبکہ لمبی رائفلیں تھامے کچھ مسلح مظاہرین مشی گن کے دارالحکومت میں نظر آئے جن میں سے ایک نے ٹرمپ کی تصویر والی ٹی شرٹ پہنی ہوئی تھی۔

خیال رہے ان میں سے ایک بوگالو بوائز موومنٹ سے منسلک ڈنکن لمپ تھے جن کا کہنا تھا کہ الیکشن فراڈ تھےاور ان کے مطابق وہ آج لڑنے کے لیے باہر نہیں نکلے ہیں جبکہ  تو اس لیے باہر نکلا ہوں کہ پرامن اور متحدہ حکومت مخالف موقف کی حوصلہ افزائی ہوسکے۔

ڈنکن لمپ کا کہنا تھا کہ ان کا مقصد لیفٹ اور رائٹ کو متحد کرنا ہے جبکہ اٹلانٹا میں کئی سو قانون نافذ کرنے والے افسران اور نیشل گارڈز کے اہلکار جارجیا کے سٹیٹ ہاؤس کے گرد چکر لگاتے رہے۔

واضح رہے بعض ریاستوں بشمول پنسلوانیا، ٹیکساس، کنٹکی میں پولیس کی تعیناتی میں اضافے کے ساتھ ساتھ اضافی اقدام کے طور پر ریاستی کیپیٹل کے علاقوں کو عوام کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

خیال رہے بدھ کو نو منتخب امریکی صدر جو بائیڈن غیر معمولی سکیورٹی میں واشنگٹن میں اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے جبکہ ٹرمپ کے حامیوں کی جانب سے چھ جنوری کو واشنگٹن میں کیپیٹل ہل پر حملے کے بعد ملک بھر میں غیر معمولی سخت سکیورٹی کے انتظامات  کیے گئے ہیں۔

یاد رہے امریکہ میں نومنتخب صدر جو بائیڈن کی تقریب حلف برداری سے قبل تمام ریاستوں اور دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں ہفتہ وار چھٹیوں کے دوران ممکنہ مسلح مظاہروں کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی نے متنبہ کیا ہے کہ تمام ریاستوں میں صدر ٹرمپ کے حامیوں کی جانب سے مسلح احتجاجی مظاہرے ہوسکتے ہیں۔