فلسطین میں 22 مئی سے مرحلہ وار انتخابات کا اعلان

859
رام اللہ: صدر محمود عباس انتخابات کے انعقاد سے متعلق حکم نامہ دکھا رہے ہیں

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) فلسطین کے صدر محمود عباس نے رواں سال پارلیمانی، صدارتی اور قومی مجلس کے مرحلہ وار انتخابات منعقد کرانے کا حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔ صدارتی حکم نامے کے مطابق تینوں انتخابات مرحلہ وار ہوں گے۔ فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق پہلے مرحلے میں 22 مئی 2021ء کو پارلیمانی انتخابات ہوں گے۔ دوسرے مرحلے میں 31 جولائی 2021ء کو صدارتی انتخابات کا انعقاد کیا جائے گا، جب کہ تیسرے اور آخری مرحلے میں 31 اگست 2021ء کو قومی مجلس کے ارکان کا چنائو کیا جائے گا۔ صدر کی طرف سے انتخابات کا اعلان اتفاق رائے سے کیا گیا ہے۔ محمود عباس سے فلسطینی الیکشن کمیشن کے چیئرمین حنا ناصرنے ملاقات کی تھی۔ صدر عباس کی ہدیات پر فلسطین میں تمام سیاسی جماعتوں کو مغربی کنارے اور غزہ میں انتخابی مہم شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انتخابی مہم میں مقبوضہ بیت المقدس کو بھی شامل کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ 1967ء کی 6 روزہ عرب اسرائیلی جنگ کے دوران مشرقی بیت المقدس پر قبضے کے بعد اسرائیل نے بلاجواز اسے اپنا حصہ قرار دے دیا تھا، تاہم عالمی برادری نے اس زبردستی الحاق کو تسلیم نہیں کیا اور اسے آج بھی مقبوضہ علاقہ سمجھا جاتا ہے۔ خیال رہے کہ فلسطینی عوام تقریباً ڈیڑھ عشرے بعد اپنا حق رائے دہی استعمال کرتے ہوئے نئی پارلیمان اور صدر کا انتخاب کریں گے۔ ابھی یہ واضح نہیں کہ آیا 85 سالہ محمود عباس خود دوبارہ ان انتخابات میں حصہ لیں گے یا نہیں۔ گزشتہ برس کرائے گئے ایک سروے کے نتائج کے مطابق فلسطینی تنظیم حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کو محمود عباس پر برتری حاصل تھی۔ گزشتہ چند برسوں کے دوران فلسطین علاقوں میں عام انتخابات کی منصوبہ بندی کئی بار کی گئی، لیکن کسی بھی حتمی صدارتی حکم نامے پر دستخط نہیں ہو سکے تھے۔