برازیل: آکسیجن کی شدید قلت‘ کورونا مریض مرنے لگے

642
برازیلیا: آکسیجن کی شدید قلت کے بعد مریض کو دوسرے اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے‘ ہلاک ہونے والوں کی تدفین کے موقع پر اہل خانہ رو رہے ہیں

برازیلیا (انٹرنیشنل ڈیسک) برازیل کی ریاست ایمیزوناس کو آکسیجن کی شدت کمی کا سامنا ہے، جس کی وجہ سے اسپتالوں میں موجود کورونا وائرس کے مریض دم گھٹنے سے ہلاک ہو رہے ہیں۔ خبر رساں اداروں کے مطابق ریاست میں کرونا کے متاثرین کی تعداد میں اچانک تیز اضافہ ہو رہا ہے، جس کی وجہ سے اسپتالوں پر شدید دباؤ ہے جب کہ آکسیجن کی طلب میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔ حکام نے دم گھٹنے سے مریضوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ امریکا سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر آکسیجن کے سلنڈرز سے بھرا ٹرانسپورٹ طیارہ بھجوائے۔ دوسری جانب یورپی یونین کی رکن ریاستوں کو کورونا ویکسین کی فراہمی میں رواں برس مارچ تک کمی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ اس حوالے سے ایک تہائی یورپی اقوام نے اپنی گہری تشویش ظاہر کی ہے ۔ زیادہ تر ممالک کا کہنا ہے کہ انہیں توقع سے بھی کم کورونا ویکسین فراہم کی جا رہی ہیں۔ دوسری جانب امریکی دوا ساز کمپنی فائزر نے کووڈ انیس کی بیماری کے خلاف مدافعت پیدا کرنے والی ویکسین کی فراہمی کو سست کر رکھا ہے اور اس کی بنیادی وجہ ویکسین کی دستیابی بتائی جارہی ہے۔