جنوبی افریقی ٹیم کا دورہ: کراچی کا سیکیورٹی پلان تیار

412

کراچی: 14 سال بعد دورہ پاکستان پر آنے والی جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے لیے سیکیورٹی پلان ترتیب دے دیاگیا ہے جبکہ غیر معمولی حالات سے نمٹنے کے لیے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کی  ٹیمیں ہمہ وقت فوری ریسپونس کے لیے تیار رہیں گی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس آفس میں ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس کراچی کی زیر صدارت جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کی سیکیورٹی کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا جس میں سخت سیکیورٹی پلان ترتیب دیا گیاہے۔

ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی ڈویژن مقصود میمن نے غیر ملکی ٹیم کی 16 جنوری کو شہر میں آمد، ہوٹل میں رہائش، کرکٹ ٹیم کی پریکٹس اور ٹیسٹ میچ میں آمدورفت اور کراچی سے روانگی کے حوالے سے  کیے جانے والے سکیورٹی اقدامات پر تفصیلی بریفننگ دی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے وفد نے بھی اجلاس میں شرکت کی اور کراچی پولیس  کے سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے جبکہ  نیشنل اسٹیڈیم سمیت تمام متعلقہ روٹس اور ہوٹلوں پر پولیس کی بھاری نفری کھلاڑیوں کی سیکیورٹی کے لیے موجود رہے گی۔

کراچی پولیس کے 24 سینئر افسران سمیت 59 ڈی ایس پیز، 608 ایس ایچ اوز، 3612 ہیڈکانسٹیبل/کانسٹیبل، 31 خواتین پولیس اہلکار، ریپڈ ریسپونس فورس کے 300 جوان اور اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کے 1080 کمانڈوز تعینات کیے گئے ہیں جبکہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی اور ہوٹلوں پر اسپیشل برانچ کے 354 سادہ لباس اہلکار سیکیورٹی کے فرائض سر انجام دیں گے۔

غیر معمولی حالات سے نمٹنے کے لیے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کی  ٹیمیں ہمہ وقت فوری ریسپونس کے لیے تیار رہیں گی۔

دوسری جانب ٹریفک پولیس نے جنوبی افریقی کھلاڑیوں کی نیشنل اسٹیڈیم کی طرف آمد ورفت کے اوقات میں عوام کی سہولت کے لیے متبادل روٹس پلان پہلے ہی دے دیا ہے اور  عوام کی سہولت اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے ٹریفک پولیس کے 1529 افسران اہلکار متعلقہ روٹس پر ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔

واضح رہے اجلاس میں ڈی آئی جی ایڈمن، تمام زونل  ڈی آئی جیز، ڈی آئی جی ٹریفک، کمانڈنٹ ایس ایس یو، ایس ایس پی سینٹرل، ایس ایس پی ایسٹ، ایس ایس پی ساؤتھ، ایس پی سیکیورٹی ون اینڈ ٹو، ایس پی فارنر سیکیورٹی سیل، ایس پی محافظ 15 اور  ایس پی سیکیورٹی اینڈ ٹیکنیکل، اسپیشل برانچ نے بھی شرکت کی۔