وزیر اعظم کے ارد گرد مافیا جمع ہے،محمد جاوید قصوری

330

لاہور (وقائع نگار خصوصی)امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ مہنگائی نے عوام کا برا حال کردیا ہے۔ حکمران دکھاوے کے اقدامات اور اخباری بیانات سے آگے نہیں بڑھ رہے۔ وزیر اعظم کے ارد گرد مافیا جمع ہے، جس نے قوم کے اربوں روپے لوٹے ہیں۔ وزرا کی کارکردگی پوری قوم کے سامنے،وزیر اعظم کا عدم اعتماد درحقیقت ناکامی کا اعتراف ہے۔ جس شخص سے حکومت نہیں چلائی جارہی، وہ ملک کو کیسے چلا سکتا ہے۔؟ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری اور لاقانونیت بڑے مسائل ہیں۔ جن کو ہنگامی بنیادوں پر حل کیا جانا چاہیے۔ المیہ یہ ہے کہ عوامی مسائل پر کسی کی بھی کوئی توجہ نہیں۔ وزرا عوام میں جانے سے گھبراتے ہیں۔ پی ٹی آئی کی مایوس کن کارکردگی 22کروڑ عوام کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت ڈھائی سالہ کارکردگی کو دیکھ کر لگتا ہے کہ صوبے میں گورننس نام کی کوئی چیز نہیں۔ صوبے کے 11 کروڑ عوام بے یارومددگار ہیں۔ حکمرانوں نے اپنے انتخابی منشور میں جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانے کا وعدہ کیا تھا، بد قسمتی سے جنوبی پنجاب کے عوام کو اس حوالے سے لالی پاپ دیا جا رہاہے۔ جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ اور بہاولپور کی صوبائی حیثیت بحال کی جائے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ہر شبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والا شخص پریشان ہے۔ زرعی انکم ٹیکس کی کم وصولی حکومتی پالیسیوں پر عوام کا عدم اعتما د ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام کو درپیش مسائل ان کی دہلیز پر حل کیے جائیں۔ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ کی ایڈوائزری ٹیم عوام کو درپیش حقیقی مسائل سے نا آشنا ہے