مسلمانوں کے حقوق پر قادیانی ڈاکا ڈال رہے ہیں، عالمی مجلس ختم نبوت

248

لاہور (آن لائن) عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی ناظم تبلیغ مولانا محمد اسماعیل شجاع آبادی، مبلغ ختم نبوت لاہور مولانا عبدالنعیم نے کہا ہے کہ حقوق غصب ہونے کے نام پر قادیانیوں کو نوازا جا رہا ہے اور مسلمانوں کے حقوق پر قادیانی ڈاکا ڈال رہے ہیں اور مسلمانوں کے حقوق چھین رہے ہیں، تمام مسلمانوں کو اپنے حقوق کی حفاظت کیلیے متحرک اور فعال کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے جامع مسجد بسم اللہ نشاط کالونی اور جامعہ امدادالعلوم رحمانپورہ لاہور میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور حکومت میں قادیانیوں کو کچھ زیادہ آشیرباد حاصل ہے ، امت مسلمہ نے ہر دور میں عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کا فریضہ انجام دیا اور جھوٹے مدعیان نبوت کا مقابلہ کیا، 1974ء کے فیصلے کے بعد لوگوں نے یہ سمجھا کہ اب مسئلہ حل ہوگیا اب ختم نبوت کے محاذ پر کام کرنے کی ضرورت نہیں حالانکہ آج تک قادیانی گروہ نے پارلیمنٹ کے فیصلے کو تسلیم نہیں کیا۔ آئین پر عملدرآمد کیلیے آواز بلند کرنا ہماری ذمے داری ہے اور 1974ء کی تحریک ختم نبوت کی طرح اب بھی کام کرنے کی ضرورت ہے۔ دریں اثنا عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے رہنماؤں مولانا عزیز الرحمن ثانی، مولانا عبدالنعیم ، مولانا علیم الدین شاکر و دیگر نے اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت سے توہین رسالت کے مرتکب مجرموں کیخلاف فیصلے کو اہل اسلام کی قانونی و اخلاقی فتح قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ گستاخوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے تاکہ انصاف کے عملی تقاضے پورے ہو سکیں اور ایسے گھناؤنے جرم کی مکمل حوصلہ شکنی ہو سکے اور ا س تاریخی فیصلے کو ہمیشہ یاد رکھا جائے، توہین رسالت کو عالمی قوانین کے تحت جرم قرار دیا جائے تاکہ دنیا بھر میں کسی کو توہین رسالت کرنے کی جرأت نہ ہو۔