جائیداد پر قبضے کیخلاف اوور سیز کمیشن وزیراعظم کو خط لکھے گا

243

لاہور ( آن لائن ) بیرون ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی جائیداد پر قبضے کے معاملے پر اوورسیز کمیشن پنجاب نے وزیراعظم کو خط لکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ کمیشن کا کہنا ہے کہ انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے تعاون نہیں کیا جا رہا۔ اس کے علاوہ وزیراعلیٰ کو بھی صورتحال پربریفنگ دی جائے گی۔ وائس چیئرمین اووسیز کمیشن وسیم چودھری کا کہنا ہے کہ صرف لاہور میں40 ارب سے زائد کی جائیدادیں واگزار نہیں کرائی جا رہیں۔ جہاں260 اووسیز پاکستانیوں کی شکایات پر انتظامیہ ایکشن نہیں لے رہی۔ ہاؤسنگ اسکیم، پولیس اور ریونیو سے متعلق218 شکایات حل طلب ہیں۔ کوآپریٹو محکمہ سے متعلق2 شکایات طویل عرصے سے زیر التوا ہیں۔ ایل ڈی اے سے متعلق4 اووسیز پاکستانیوں کی جائیدادوں کے کیسز پر کارروائی نہیں کی جا رہی۔ وسیم چودھری نے کہا کہ کمیشن کی جانب سے ایڈیشنل چیف سیکرٹری، پولیس اور انتظامیہ کو متعدد خط لکھے ہیں لیکن تعاون نہیں کیا جا رہا۔ لاہور میں اوورسیز کی ان جائیدادوں کا عدالتی کیسز سے کوئی تعلق نہیں ہے، محکموں سے متعلق کیسز میں بھی انتظامیہ ایکشن نہیں لے رہی۔