وزیراعظم سے شہرہ آفاق ترک ڈرامہ ارطغرل غازی کی بانی ٹیم کی ملاقات

729

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے سلطنت عثمانیہ کے جد امجد ارطغرل غازی کی زندگی پر بننے والی مشہور ترک سیریز دیریلیس ارطغرل کی بانی ٹٰیم نے ملاقات کی ہے۔

وزیرِ اعظم عمران خان سے معروف ترک ڈارمہ سیریل ارطغرل غازی کی بانی ٹیم نے کمال تیکدین کی سربراہی میں ملاقات کی، ملاقات میں وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز، چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی اور ترک اور پاکستان کی فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔

اس موقع پر وزیرِ اعظم عمران خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ڈرامے 80 کی دہائی تک دنیا میں پہچان آپ تھے، پاکستانی فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کو مقامی تقافت کے فروغ کیلئے کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ مغرب سے مرعوب نوجوان نسل کو اپنی اصل تقافت سے آگاہی دی جا سکے اور ایسی معاشرتی برائیوں سے بچایا جا سکے جس سے ہمسایہ ممالک کی نئی نسل مغربی مواد نشر ہونے کی وجہ سے دوچار ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر پاکستانی فلم اور ڈرامہ انڈسٹری معیاری مقامی پیشکش نشر کرے تو نہ صرف یہ ترقی کرے گی بلکہ یہ نوجوان نسل کو سطحی اور گلیمرائزڈ نشری مواد کا متبادل فراہم کرے گی جس کو پذیرائی ملے گی جیسا کہ ارطغرل غازی کے معاملے میں دیکھنے میں آیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ برصغیر میں مسلمانوں کا اقتدار سنہری دور تھا مگر افسوس کہ نوجوان نسل کو اسکے بارے معلوم نہیں. کوشش کی جائے کہ اس سنہری دور پر فلم اور ڈرامہ بنا کر پراپیگنڈہ کرنے والوں کے عزائم کو ناکام بنایا جائے. اسکے علاوہ وزیرِ اعظم نے منصوبے کو سراہتے ہوئے حکومت کے طرف سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی.

ملاقات میں ترکی اور پاکستان کے تعاون سے تحریکِ خلافت کے برصغیر سے تعلق رکھنے والے مشہور کرداد ترک لالہ پر مجوزہ ٹیلی ویژن سیریز پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی نے اجلاس کو ترک لالہ کے تحریک خلافت کیلئے اہم کردار اور ترکی میں انکی اہمیت کے بارے آگاہ کیا۔

کمال تیکدین نے وزیرِ اعظم عمران خان کے پاکستان میں ترک ڈراموں کو نشر کرنے کے اقدام قابلِ ستائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان اور ترک صدر رجب طیب اردگان کا ویژن ایک ہے کہ کسی بھی ملک کی ترقی کیلئے اسکی نوجوان نسل کو اپنی تاریخ اور اپنی تقافت سے آگاہی ہونا نہایت ضروری ہے۔

انہوں نے وزیرِ اعظم کو بتایا کہ ہر سال 30 جون کو ترکی میں ترک لالہ کے احترام میں انکا قومی دن منایا جاتا ہے، ترک لالہ پر بننے والی ٹیلی ویژن سیریز نہ صرف تحریکِ خلافت کے بارے نوجوانوں کو آگاہی دے گی بلکہ ترکی اور پاکستان کے تعلقات میں نئے باب کا اضافہ کرے گی، انہوں نےکہا کہ ترکی کی ٹیم پاکستان حکومت کے اس منصوبے میں تعاون سے انتہائی خوش ہے اور یہ تقافتی میدان میں دونوں ملکوں میں مماثلت کو اجاگر کرکے لوگوں کے تعلقات مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔