سینیٹ: آسیہ اندرابی کی غیر قانونی حراست کیخلاف قرارداد منظور

328

اسلام آباد(اے پی پی) ایوان بالا نے حریت رہنما آسیہ اندرابی اور ان کی ساتھیوں کی غیر قانونی حراست کے خلاف قرارداد اتفاق رائے سے منظور کرلی۔ منگل کو ایوان بالا کے اجلاس میں سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر راجا ظفر الحق نے قرارداد پیش کی کہ دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی اور ان کے ساتھیوں کو بھارتی افواج نے غیر قانونی حراست میں تہاڑ جیل میں رکھا ہوا ہے، یہ ایوان ان کی غیر قانونی حراست کی شدید مذمت کرتا ہے۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے فاشسٹ ایجنڈے کے تحت ان پر ظلم و ستم کیا جا رہا ہے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ سینیٹ آف پاکستان ان کی غیر مشروط اور فوری رہائی کا مطالبہ کرتا ہے اور اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل اور عالمی برادری پر زور دیتا ہے کہ وہ ان کی رہائی کے لیے آواز بلند کرے۔ ایوان بالا نے قرارداد کی اتفاق رائے سے منظوری دے دی۔ چیئرمین سینیٹ سینیٹر صادق سنجرانی نے سینیٹ سیکرٹریٹ کو ہدایت کی کہ یہ قرارداد سیکرٹری خارجہ امور کو بھجوائی جائے اور وہ اقوام متحدہ سمیت دنیا کے مختلف ممالک کو سینیٹ آف پاکستان کی یہ قرارداد بھجوائیں۔