امریکہ ایران کشیدگی: امریکی بحری جہاز خلیج میں ہی رہے گا ، پینٹاگون

327

واشنگٹن: پینٹاگون نے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے ‘حالیہ دھمکیوں’ کے پیش نظر امریکہ کا طیارہ بردار جنگی بحری جہاز خلیج میں ہی رہے گا جبکہ اس سے قبل سیکرٹری دفاع نے جنگی جہار کو وطن واپس آنے کے احکامات جاری کیے تھے۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق اس سے قبل ایسی رپورٹس آئی تھیں کہ بحری جہاز یو ایس ایس نمٹز واپس امریکہ جا رہا ہے جس کو خطے میں کشیدگی میں کمی کی علامت کے طور پر دیکھا گیا تھا مگر یو ایس ایس نمٹز گزشتہ سال نومبر سے خلیج کے پانیوں میں گشت کر رہا ہے لیکن امریکی میڈیا نے رواں ہفتے یہ خبر دی تھی کہ قائم مقام سیکرٹری دفاع کرسٹوفر سی ملر نے جنگی بحری جہاز کو وطن واپس آنے کے احکامات جاری کردیے  ہیں۔

بین الاقوامی میڈیا  کے بحری جہاز کی واپسی کا فیصلہ خطے میں کشیدگی کو کم کرنے کے لیے ایران کی طرف بھیجا جانے والا سگنل ہےکہ صدر ٹرمپ کے دورِ اقتدار کے آخری دنوں میں تنازعے سے گریز کیا جائے جبکہ  سیکرٹری دفاع نے جاری کیے بیان میں اس کے برعکس موقف اختیار کیا ہے اور کہا ہے کہ ‘ایرانی قیادت کی جانب سے صدر ٹرمپ اور امریکی حکام کے خلاف جاری کی گئی دھمکیوں کے باعث میں نے یو ایس ایس نمٹز کو حکم دیا ہے کہ وہ اپنی نئی جگہ منتقلی کو روک دے جو معمول کے مطابق ہوتی ہے’۔

سیکرٹری دفاع کا کہناتھا کہ ‘امریکی بحری جہاز خلیج کے یو ایس سینٹرل کمانڈ کے آپریشن ایریا میں ہی تعینات رہے گا اور کسی کو امریکہ کے عزم پر شک نہیں ہونا چاہیے’۔

پینٹاگون کا یہ بیان اس واقعہ کے ایک سال بعد آیا ہے جب بغداد میں امریکی ڈرون نے ایران کے فوجی کمانڈر قاسم سلیمانی اور ابو مہدی المہندس کو حملے کر کے قتل کیا تھا جبکہ  اس واقعہ کے ایک سال بعد عراق میں ہزاروں افراد نے امریکہ کے خلاف مظاہرہ کیا ہے۔

خیال رہے صدر ٹرمپ نے ایران کے ساتھ عالمی طاقتوں کے جوہری معاہدے سے علیحدگی اختیار کر لی تھی اور تہران پر دباؤ بڑھانے کے لیے دوبارہ پابندیاں عائد کیں۔