نوجوانوں کا قتل تحریک حریت ختم نہیں کرسکتا‘ حریت کانفرنس

307

سری نگر (اے پی پی )بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ کشمیری حق خود ارادیت کے حصول کے لیے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں اور بھارتی مظالم انہیں حق پر مبنی جدوجہد ترک کرنے پر مجبورنہیں کرسکتے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت کشمیریوں کی جد وجہد آزادی کو دبانے کے لیے مختلف وحشیانہ ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے لیکن وہ اپنے مذموم منصوبوں میں کبھی کامیاب نہیں ہوگا۔ انہوں نے بھارتی فوجیوںکی طرف سے بے گناہ نوجوانوں کے جعلی مقابلوں میں قتل کے خلاف گزشتہ روز مکمل ہڑتال کرنے پر مقبوضہ جموںوکشمیر کے لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر کے لوگوں نے ہڑتال کے ذریعے بھارت اور عالمی برادری کو یہ واضح پیغام دیا کہ بیگناہ نوجوانوں کا قتل اور دیگر بھارتی مظالم انہیں اپنے ناقابل تنسیخ حق کے حصول کی جدوجہد جاری رکھنے سے نہیں روک سکتے ۔میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم حریت فورم نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے سرینگر کے علاقے لاوے پورہ میں حال ہی میں تین بیگناہ نوجوانوں اعجاز مقبول گنائی، اطہر مشتاق اور زبیر احمد کے ایک جعلی مقابلے میں قتل کی شدید مذمت کی۔