کورونا ویکسین: سندھ حکومت کی جانب سے کوآرڈینیشن سیل قائم

595

کراچی : کورونا وائرس کی عالمی وبا سے بچنے کے لیے محکمہ صحت سندھ نے  وزیر صحت سندھ کی ہدایات پر پروینشل ویکسین کو آرڈنیشن سیل قائم کیا ہے، جس کے سربراہ سیکریٹری صحت سندھ ہونگے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر صحت سندھ عذرا پیچوہو کی زیر صدارت کورونا ویکسین سے متعلق اجلاس منعقد ہوا ،جس میں نیشنل ویکسین ٹاسک فورس اور این سی او سی کے ذمہ داران  نے شرکت کی۔

وزیر صحت سندھ نے کہا کہ صوبے بھر میں  نیشنل ویکسین ٹاسک فورس اور این سی او سی کے تعاون سے  رواں ماہ ویکسین فراہم ہوگی،ویکسین رواں ماہ کے دوسرے ہفتے کے بعد سندھ  کو دی جائے گی،سندھ کو تقریبا ڈھائی لاکھ کے قریب ویکسین کے ڈوز دیے جائیں گے۔

ڈاکٹر عذرا پیچوہو  کا مزید کہنا تھا کہ ہر فرد کو 21دن کے وقفے سے ویکسین کے دو ڈوز لگائے جائیں گے،پہلے مرحلے میں کورونا وارڈ میں ڈیوٹی کرنے والے طبی عملے کو ویکسین دی جائے گی۔

ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے وزیر صحت کی تمام فرنٹ لائن میڈیکل ورکرز کا ڈیٹا مرتب کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ ویکسی نیشن کے لیے تمام افراد کو بذریعہ فون پہلے آگاہ کیا جائے گا، ویکسین کے مرحلے سے گزرنے والوں کو سفری مقاصد کے لیے کارڈ دیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہاکہ کراچی ایکسپوسینٹر میں 50کیوبیکل بنائے جائیں گے،ایک سال میں 5ہزار کی ویکسی نیشن ہوگی،کراچی کے علاوہ باقی شہروں میں بڑے اسپتالوں میں ویکسین کی سہولت دی جائے گی،دوسرے مرحلے میں 60سال سے زائد یا بیمار افراد کو ویکسین دی جائے گی۔